Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات کے ساتھ  بہترین تعلقات کو تقویت دیں گے، اطالوی وزیراعظم

دو روزہ دورے میں ہونے والی تمام ملاقاتیں توقعات سے زیادہ اچھی رہیں۔ فوٹو عرب نیوز
اٹلی کی وزیراعظم جیورجیا میلونی نے متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے کے موقع پر ہفتے کے روز پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ ہم  امارات کے ساتھ مل کر کیا کر سکتے ہیں اس کی کوئی حد نہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ابوظہبی کے صدارتی محل میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی جانب سے استقبال کے بعد جیورجیا میلونی نے کہا ہے کہ  یو اے ای کے ساتھ ہمارے تعاون کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔

یوکرین کی جنگ اور پائیدار اقتصادی ترقی اہم امور میں شامل رہی۔ فوٹو ٹوئٹر

اٹلی کی وزیراعظم نے ابوظہبی میں کہا ہے کہ یہاں تمام ملاقاتیں توقعات سے بھی زیادہ اچھی رہی ہیں اور دونوں حکومتیں تعلقات کی تعمیرنو کے لئے مل کر کام کریں گی۔
واضح رہے کہ اٹلی کی وزیراعظم کے دورے میں وزیرخارجہ انتونیو تاجانی اور توانائی کمپنی اینی کے سی ای او کلاڈیو ڈیسکالزی اطالوی وفد کا حصہ تھے۔
یہاں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران توانائی اور ماحولیاتی پائیداری کے علاوہ لیبیا میں استحکام، تیونس میں سماجی بدامنی اور یوکرین کی جنگ اور پائیدار اقتصادی ترقی اہم امور میں شامل تھے۔
اطالوی وزیراعظم کے دفتری ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں حکومتوں کے بہت سارے نکات مشترک ہیں اور اطالوی وزیراعظم کا خیال ہے کہ متحدہ عرب امارات ان مسائل پر بہت بڑا سفارتی کردار ادا کر سکتا ہے۔

ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی کے ساتھ معاہدے پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی اور ان کے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے سٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس سال متحدہ عرب امارات کی میزبانی میں ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں تعاون بڑھانے کے اعلامیے پر اطالوی وزیر خارجہ اور اماراتی وزیر صنعت اور کانفرنس کے نامزد صدر سلطان احمد الجابر نے دستخط کیے۔
اس اہم دورے کے دوارن اطالوی توانائی کمپنی اینی اور ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی کے درمیان تعاون کے ایک معاہدے پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔

شیئر: