Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیگریشن نمبر کی بنیاد پر’ ہروب‘ لگا دیا، کفالت تبدیل ہوسکتی ہے؟

غیرملکی کارکن کا اقامہ جاری کرانا اس کے کفیل کی ذمہ داری ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے قانون کے مطابق جس غیرملکی کارکن کا ہروب فائل کیا گیا ہو۔ اسے 15 دن کےاندر کینسل نہ کرانے کی صورت میں کارکن کی فائل سیز کردی جاتی ہے۔
وزارت افرادی قوت کے قانون میں کسی بھی غیرملکی کارکن کا آجر کے پاس سے فرار ہونا سنگین کاروباری جرم تصورت کیا جاتا ہے۔
کفالت کی تبدیلی کے حوالے سے جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’عامل کے ویزے پرآنے والے ایک غیرملکی کارکن کے کفیل نے اقامہ نہیں بنوایا بلکہ امیگریشن نمبرکی بنیاد پر ہروب فائل کردیا۔ اس صورت میں اس کی کفالت تبدیل کرائی جاسکتی ہے،کس ادارے سے رجوع کیاجائے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’اس کیس میں وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی سے رابطہ کیاجائے جہاں کیس کو دیکھتے ہوئے متعلقہ اہلکارفیصلہ صادر کریں گے‘۔ 
واضح رہے جوازات کے قانون کے مطابق مملکت میں نئے ویزے پرآنے والے غیرملکی کارکن کا اقامہ جاری کرانا اس کے کفیل کی ذمہ داری ہوتا ہے۔ 
اقامہ جاری کرانے سے قبل آجر واجیر کے پاس قانونی طورپر3 ماہ کی تجرباتی مدت ہوتی ہے جس میں باہمی اتفاق سے مزید تین ماہ کی توسیع کرائی جاسکتی۔ 
تجرباتی مدت ختم ہونے سے قبل اقامہ جاری نہ کرائے جانے کی صورت میں 500 ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے جوکفیل کے ذمہ ہوتا ہے۔ 
اس کیس میں جس میں یہ بتایا گیا کہ کفیل نے کارکن کا ہروب اس کے امیگریشن نمبر کے ذریعے کردیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ہروب اس دوران فائل کیا گیا ہے جب تجرباتی مدت ختم نہیں ہوئی تھی کیونکہ اگرتجرباتی مدت ختم ہونے کی صورت میں اقامہ درکارہوتا ہے جس کے بعد ہی ہروب فائل کیاجاسکتا ہے۔ 
وزارت افرادی قوت کی جانب سے آجرو اجیر کے مابین تنازعات کے حل کےلیے باقاعدہ شعبہ قائم کیا گیا ہے جہاں اس قسم کے معاملات نمٹائے جاتے ہیں۔  

تجرباتی مدت ختم ہونے سے قبل اقامہ جاری نہ کرائے جانے کی صورت میں 500 ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے(فوٹو عرب نیوز)

مملکت میں نئے آنے والے غیرملکی کارکن کے اقامے کے اجرا سے قبل اس کا طبی معائنہ کرایا جاتا ہے جس میں پاس ہونے کے بعد کارکن کا میڈیکل انشورنس جاری کرایا جاتا ہے بعدازاں اقامہ اورلیبرکارڈ کی فیس ادا کرنے کے بعد اقامہ جاری ہوتا ہے۔ 
نئے آنے والے کارکن کے اقامہ کے اجرا کی تمام کارروائی کفیل یا کمپنی کے ذمہ ہوتی ہے قانون کے مطابق آجر اس امرکا پابند ہے کہ وہ کارکن کے قیام وطعام کی سہولت کا خیال رکھے اوراس کے تمام واجبات بروقت ادا کرے۔ 
ملازمت کے قوانین کے مطابق کارکن کے لیے مخصوص تجرباتی مدت فریقین کے لیے اس لیے اہم ہوتی ہے کہ اس دوران کارکن کے کام کے بارے میں آجراپنی تسلی کرسکے۔
علاوہ ازیں اس دوران کارکن بھی اپنے کفیل یعنی آجر کی جانب سے مقرر کی جانے والی تنخواہ اوردیگرمراعات کے حوالے سے بھی تسلی کرسکتا ہے۔ 
تجرباتی مدت کے دوران فریقین کوکسی بھی حوالے سے اختلاف ہونے کی صورت میں اسے باہمی طورپرحل کیا جائے جس کے بعد ملازمت کا معاہدہ کرنے کے بعد اسے وزارت افرادی قوت کے پلیٹ فارم ’قوی‘ پراپ لوڈ کیاجاتا ہے جس پرفریقین کی جانب سے منظوی ہونے کے بعد اس کی تصدیق قوی پلیٹ فارم پرکی جاتی ہے۔

شیئر: