Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کمپنی نے اقامہ تجدید کرانے کے بجائے ہروب لگا دیا، دوسرے ویزے پر آ سکتا ہوں؟

کارکن کا اقامہ وقت مقررہ پرتجدید کرانا کفیل کی ذمہ داری ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن  جسے عربی میں ’ادارہ جوازات‘ کہتے ہیں کے ذمہ غیرملکی کارکنوں کے رہائشی پرمٹ کا اجراو تجدید کی ذمہ داری ہوتی ہے جبکہ وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے ذمے کارکنوں کے ورک پرمٹ کا اجرا وتجدید ہے۔
غیرملکی کارکن کے لیے لازمی ہے کہ وہ جس کمپنی یا اسپانسر کے ویزے پرمملکت آئے ہیں وہ ان کے پاس ہی کام کریں۔ دوسری جگہ کام کرنا غیرقانونی عمل شمار کیا جاتا ہے۔
مملکت سے ڈی پورٹ ہونے کے حوالے سے ایک شخص نےاستفسار کیا ہے کہ ’سعودی عرب میں ڈرائیور کے طور پرکام کرتا تھا۔ کمپنی کے ڈائریکٹر نے اقامہ تجدید نہیں کرایا اور ہروب فائل ہونے پر 2018 میں مجھے ڈی پورٹ کردیا گیا۔ کیا میں اب دوبارہ مملکت جاسکتا ہوں؟ 
جوازات کے قانون کے مطابق جن افراد کو مملکت سے ڈی پورٹ کیا جاتا ہے وہ نئے ترمیم شدہ قانون کے مطابق مملکت میں تاحیات کسی بھی ویزے پرنہیں آسکتے۔ 
واضح رہے گزشتہ برس سے امیگریشن قوانین میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے مطابق غیرملکی کارکنوں کو جو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی یا کسی اورجرم میں انہیں ملک بدرکیا گیا ہوتا ہے وہ تاحیات کسی بھی ویزے پرسعودی عرب نہیں آسکتے۔ 
ماضی میں ڈیپورٹیشن کا قانون مختلف تھا جس میں ڈی پورٹ ہونے والوں کو محدود مدت کےلیے بلیک لسٹ کیاجاتا تھا۔ انہیں ممنوعہ مدت کے بارے میں بھی مطلع کردیاجاتا تھا تاہم اب ایسے غیرملکی جنہیں ڈی پورٹ کیاگیا ہے وہ کسی صورت دوسرے ویزے پرسعودی عرب نہیں آسکتے۔  
ایک شخص نے دریافت کیا ’اقامہ ایکسپائرہونے کے قریب ہے کفیل تجدید نہیں کررہا اس صورت میں کیاکریں؟ 
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور وزارت محنت کے قانون کے مطابق غیرملکی کارکن کے اقامے اورورک پرمٹ کا اجرا وتجدید اس کے اسپانسریعنی کفیل کے ذمہ ہوتی ہے۔ 

ایکسپائراقامے پرغیرملکی کو خروج نہائی بھی نہیں مل سکتا (فوٹو ٹوئٹر)

قانون کے مطابق کارکن کا اقامہ وقت مقررہ پرتجدید کرانا کفیل کی ذمہ داری ہے۔ اقامہ کی تجدید میں تاخیر پر500 ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔ 
اگر اسپانسر کی جانب سے اقامے کی تجدید میں کسی قسم کی کوتاہی برتی جائے اس صورت میں وزارت افرادی قوت کا مخصوص شعبہ جو آجر واجیر کے مابین اختلافات کو ختم کرنے سے متعلق ہے سے رجوع کرکے مسئلہ درج کرایا جاسکتا ہے۔ 
واضح رہے ایکسپائراقامے پرغیرملکی کو خروج نہائی بھی نہیں مل سکتا۔ اس لیے بہترہے کہ اقامہ کو بروقت تجدید کرالیا جائے تاکہ جرمانے اوردیگر مشکلات سے بچا جاسکے۔ 
وزارت محنت میں آجر واجیر کے حقوق کے تحفظ کےلیے خصوصی شعبہ قائم کیاگیا ہے جہاں کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی کے بارے میں رجوع کیاجاسکتا ہے۔

شیئر: