Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کے وفد کی دوحہ میں اقوام متحدہ کے تحت کانفرنس میں شرکت

دنیا کے 87 ممالک میں دو ہزار 208  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ایک وفد نے دوحہ میں اقوام متحدہ کے کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس میں شرکت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے وفد کی سربراہی اسسٹنٹ سپروائزر جنرل آف پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عقیل بن جمعان الغامدی کر رہے تھے۔
عقیل بن جمعان الغامدی نے ’ کم ترقی یافتہ ممالک میں لوگوں میں سرمایہ کاری‘ اور کورونا کی وبا کے بعد ’پائیدار ترقی اور تعمیر کرنے کی صلاحیت پر‘ ایک بحث میں حصہ لیا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے اس موقع پر ’بین الاقوامی شراکت داری اور بیرونی امداد‘ کے عنوان سے ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا ہےجس میں سعودی فنڈ برائے ترقی اور سعودی پروگرام برائے ترقی اور یمن کی تعمیر نو کے وفد نے شرکت کی۔
عقیل بن جمعان الغامدی نے کورونا کی وبا پھیلنے پر سعودی عرب کے ردعمل اور ہیلتھ کیئر کے کمزور نظام والے ممالک میں وبا  کے نتائج کو کم کرنے کے لیے سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی برادری کو پیش کی جانے والی مدد کے بارے میں ایک مختصر تفصیل پیش کی۔
مملکت اقوام متحدہ کے 2030 کے پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق بہت سے کم ترقی یافتہ ممالک کو امداد فراہم کرنے میں ایک اہم شراکت دار ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سپر وائزر جنرل عبداللہ الربیعہ نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کو عطیہ کرنے میں پہلے نمبر پر ہے اور اس نے اب تک 26.71 ملین ریال کی امداد کی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 208  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔

شیئر: