Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کو برصغیر سے جوڑنے والی بحیرہ روم ایکسپریس سروس

نئی سروس سعودی عرب کی تجارت کے دائرہ کار کو وسیع کرے گی( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی پورٹس اتھارٹی موانی نے دمام میں واقع کنگ عبدالعزیز پورٹ کو بحیرہ روم ایکسپریس سروس سے منسلک کیا ہے جو مملکت کو برصغیر پاک و ہند سے جوڑتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق آئی ایم ایکس سروس کا انتظام میری ٹائم کنسورشیم کے ذریعے کیا جائے گا جس میں ملاحہ، قطر بیسڈ میری ٹائم اور دنیا کا سب سے بڑا آزاد کامن کیریئر، لاجسٹک کمپنی ایکسپریس فیڈرز اور یورپ کا سب سے بڑا فیڈر اور مختصر بحری نیٹ ورک یونی فیڈر شامل ہیں۔
موانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’سعودی عرب کی نئی متعارف کرائی گئی سروس مملکت کی تجارت کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے ساتھ ساتھ باقی دنیا کے ساتھ اس کے سمندری رابطے کو بڑھانے کے لیے تیار ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ اقدام قومی حکمت عملی برائے نقل و حمل اور لاجسٹکس سروسز کے مقاصد کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے تاکہ ایک عالمی لاجسٹک مرکز اور تین براعظموں کے لیے ایک مربوط مرکز کے طور پر مملکت کی پوزیشن کو مستحکم کیا جا سکے۔‘
کنگ عبدالعزیز پورٹ کے علاوہ آئی ایم ایکس روٹ متحدہ عرب امارات میں جبل علی اور خلیفہ، انڈیا میں ناوا شیوا، ہزیرہ اور موندرا کے ساتھ ساتھ قطر میں حمد کی بندرگاہوں تک ہو گا۔
نئی سروس تین بحری جہازوں کے ذریعے سفر مہیا کرے گی جس کی مجموعی گنجائش تین ہزار 500  اور 20 فٹ کے مساوی یونٹس ہے۔
واضح رہے کہ اس سال جنوری میں موانی نے پانچ نئی شپنگ سروسز کی منظوری کا اعلان کیا جس سے مملکت کو 43 بین الاقوامی بندرگاہوں سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔
نئی خدمات کا مقصد تجارتی ٹریفک کو سپورٹ کرنا، قومی درآمدات اور برآمدات کے نظام کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور شپنگ ایجنٹس کے لیے اہم متبادل فراہم کرنا ہے۔
اس کے علاوہ موانی نے سعودی عرب اور مشرقی افریقہ کے درمیان تجارت کو کھولنے کے لیے اس ماہ کے شروع میں دو شپنگ سروسز بھی متعارف کروائیں جو میڈیٹیرینین شپنگ کمپنی کے ذریعے چلائی جائیں گی۔
ٹرانسپورٹ لینز مشرقی افریقہ کے ساتھ بحیرہ احمر اور بحیرہ احمر سے جدہ اسلامی بندرگاہ کے راستوں کے ساتھ تجارت کو دیکھیں گی۔
مشرقی افریقہ سے بحیرہ احمر کی براہ راست ہفتہ وار سروس جدہ اسلامی اور شاہ عبداللہ پورٹس کو جبوتی کی بندرگاہ سے جوڑتی ہے جس کا ٹرانزٹ وقت صرف دو دن ہے۔
یہ کینیا کی پورٹ ممباسا کو 9 دن کے ٹرانزٹ ٹائم کے ساتھ جوڑتی ہے اس کے علاوہ تنزانیہ کی دارالسلام  پورٹ کے ساتھ ٹرانزٹ ٹائم 12 دن ہے۔
جہاں تک بحیرہ احمر کی شپنگ سروس کا تعلق ہے تو یہ جدہ اسلامک پورٹ اور کنگ عبداللہ پورٹ کو براہ راست ایک دن کے ٹرانزٹ ٹائم کے ساتھ مہینے میں دو بار سوڈان پورٹ سے جوڑتی ہے۔

شیئر: