Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ میں تاریخ پیدائش درست کرانے کے لیے کیا کریں؟

وزٹ ویزے پرمملکت آنے والےاپنے اسپانسرکے بغیررہ سکتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کے قانون کے مطابق مملکت میں مقیم غیرملکی افراد اپنے رہائشی پرمٹ میں تبدیلی کے لیے براہ راست جوازات کے دفترسے رجوع نہیں کرسکتے۔
قانون کےتحت غیرملکی کارکن صرف اپنی زیرکفالت اہل خانہ کے اقامے کی تجدید و اجرا کے لیے ہی جوازات کے دفترسے رجوع کر سکتے ہیں۔
 جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا ’اقامہ میں تاریخ پیدائش غلط درج ہوگئی ہے، جوازات کے دفترگیا جہاں سے انہوں نے یہ کہہ کرلوٹا دیا کہ اپنے کفیل کے پاس جاؤ۔ غلط تاریخ پیدائش کی وجہ سے کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اسی وجہ سے ابشر بھی نہیں بنایا جاسکا۔ مملکت آئے ہوئے ابھی کچھ ہی دن ہوئے ہیں؟ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’مملکت میں مقیم غیرملکی کارکن اپنے رہائشی پرمٹ (اقامہ) میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا درستگی کے لیے براہ راست جوازات کے دفتر سے رجوع نہیں کر سکتے۔‘ 
اقامہ میں تاریخ پیدائش درست کرانے کے لیے کارکن کا کفیل یا اس کی جانب سے مقرر کردہ نمائندہ جس کے پاس کفیل کی جانب سے باقاعدہ مصدقہ اتھارٹی لیٹر ہو وہ ہی جوازات سے رجوع کرنے کا اہل ہے۔ 
مذکورہ صورت میں کفیل کوچاہیے کہ وہ قریبی جوازات کے کسی بھی دفتر سے وقت حاصل کرے اورمقررہ وقت پر جوازات کے دفترمیں جائے جہاں کارکن کا اقامہ اورپاسپورٹ (اصل) اہلکار کو پیش کرے۔ جوازات میں موجود درخواست فارم بھی پاسپورٹ اور اقامہ کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ 
جوازات کا اہلکار اقامہ میں کارکن کی تاریخ پیدائش پاسپورٹ کے مطابق درست کر کے دوسرا اقامہ کارڈ جاری کر دے گا جس کے بعد ابشر اکاؤنٹ کو ایکیٹو کر لیا جائے۔ 

خروج وعودہ پرجانے کی صورت میں وزٹ ویزے پرموجود اہلیہ کوبھی ہمراہ لے جانا ہوگا؟(فوٹو، ٹوئٹر)

۔۔۔ وزٹ ویزے کے بارے میں ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا ’اہلیہ ملٹی انٹری وزٹ ویزے پر مملکت میں مقیم ہیں، مجھے ضروری کام کے سلسلے میں 10 دن کے لیے مملکت سے باہرجانا ہے۔ اس صورت میں اہلیہ کو بھی ساتھ لے جانا ضروری ہے یا وہ یہاں رہ سکتی ہیں؟ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ وزٹ ویزے پرآنے والے اس وقت تک مملکت میں رہ سکتے ہیں جب تک ان کا ویزا کارآمد ہو۔ 
واضح رہے جو اقامہ ہولڈر اپنے اہل خانہ میں سے کسی کا وزٹ ویزا جاری کراتے ہیں اگرانہیں ہنگامی بنیاد پر جانا پڑے اوران کے عزیز جو وزٹ ویزے پرمملکت میں مقیم ہوں انہیں کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں ہوتا، کیونکہ وزٹ ویزا جس کے نام سے جاری کیا گیا ہے اس کا اقامہ بھی کارآمد ہے۔ اس سے قطع نظر کہ وہ خروج عودہ پر مملکت سے باہر جائے۔ 

شیئر: