Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت افرادی قوت کی گھریلو کارکنان کے لیے نئی سروس کیا ہے؟

نئی سروس ’کنٹریکچوئل ریلشن شپ‘ بہتر بنانے کے اقدام کا حصہ ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ افرادی قوت نے الانقطاع عن العمل (کام سے غیرحاضری) کی اطلاع کے اندراج کے لیے یونیفائیڈ پورٹل ’مساند‘ پر نئی سروس متعارف کرائی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نئی سروس ’کنٹریکچوئل ریلشن شپ‘ بہتر بنانے کے اقدام کا حصہ ہے۔
یہ سروس گھریلو ملازم کے غیرحاضر ہونے کی صورت میں انفرادی آجر کو قانونی طور پر معاہدے ختم کرنے کی اجازت دیتی ہے، کلیئریٹی اور فریقین کے حقوق کا تحفظ یقینی بناتی ہے۔
 ملازمت کے معاہدے کو مکمل ختم کیا جا سکتا ہے یا کارکن کو کسی نئے آجر کے پاس ملازمت کرنے کا اختیار دیا جائے گا تاکہ قانونی طور پر معاملات کو منظم انداز میں جاری رکھا جائے۔
’الانقطاع عن العمل‘ کے دو بنیادی نکات ہیں جنہیں فریقین کے لیے سمجھنا اہم ہے۔ ایسے گھریلو کارکن جنہیں مملکت آئے ہوئے دو برس مکمل نہیں ہوئے اور ان کے خلاف کام سے غیرحاضری رجسٹر ہو جاتی ہے، اس صورت میں کارکن کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ 60 دن کے اندر اندر مملکت سے نکل جائے۔
اس مدت کے دوران ایگزٹ نہ کرنے کے صورت میں اقامہ و محنت قانون کی خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔

نئے نظام کی دوسری شق ان کارکنوں کے لیے ہے جنہیں مملکت آئے ہوئے دو برس سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔
 اگر ان کے خلاف غیرحاضری درج ہوتی ہے تو انہیں یہ اختیار ہوگا کہ وہ 60 دن کے اندر فائنل ایگزٹ لیں یا کوئی نیا سپانسر تلاش کرکے اس کے ساتھ ملازمت کا معاہدہ رجسٹر کرلیں تاکہ ان کا قیام قانونی رہے۔
کارکن کی جانب سے اگر 60 دن کی مدت کے دوران دونوں کام میں سے کوئی بھی عمل نہ کیا جائے اس صورت میں سسٹم میں ان کا سٹیٹس ’غیرحاضر‘ کا ہو جائے گا جو قانونی خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔

 

شیئر: