Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحت کے حوالے سے سعودی عرب مثالی ملک ہے، آسٹریا کے سیاح

سعودی عرب میں قیام کا ارادہ 15 دن کا تھا مگراب جانے کودل نہیں کرتا(فوٹو، ٹوئٹر)
یورپی ملک آسٹریا سے آنے والے ایک سیاح جوڑے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب عالمی سطح پر سیاحت کے لیے مثالی ملک ہے، العلا کے خوبصورت مناظرقابل تعریف ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق آسٹریا کے 45 سالہ فوٹوگرافر ایڈورڈ اوران کی اہلیہ سلوینہ فرانک کا کہنا ہے کہ ’ہماری قسمت اچھی تھی جو ہمیں اونٹوں کی دوڑ کا پروگرام العلا میں دیکھنے کو ملا۔‘
اتفاقیہ طور پر اس پروگرام کا اشتہار نظرسے گزرا تھا بعد ازاں العلا کے ایک باشندے نے ہماری خواہش کا احترام کرتے ہوئے ہمیں اپنی گاڑی سے اس جگہ پہنچا دیا جہاں العلا کپ کے حوالے سے اونٹوں کی دوڑ کے مقابلے ہو رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عوام پردیسیوں کی خدمت کر کے خوشی محسوس کرتے ہیں۔ وہ غیرملکی سیاحوں کے سامنے اپنے وطن کی خوبصورت تصویر پیش کرنے کے لیے پرجوش رہتے ہیں۔‘
آسٹریا کے سیاح جوڑے نے بتایا کہ وہ دمام سے الھفوف اور وہاں سے ریاض، بریدہ اور حائل سے ہوتے ہوئے اب العلا آئے ہیں اور ہر جگہ سعودیوں کوخوش اخلاق پایا۔
ان کا کہنا تھا کہ سال 2020 میں سعودی عرب کی سیر کا پروگرام بنایا تھا جو کورونا کی وبا اورسفری پابندیوں کی وجہ سے پورا نہ ہوسکا تھا۔
’سعودی عرب کی سیر کے لیے ہم نے تین ماہ کا سیاحتی ویزا لیا تھا تاہم نیت یہ تھی کہ یہاں 10 یا پندرہ دن ہی رہیں گے مگر کئی بار پروگرام میں توسیع کر چکے ہیں۔ ممکن ہے پورے تین ماہ گزار کر ہی یہاں سے رخصت ہوں۔‘

سعودی عرب مثالی ملک جبکہ یہاں کے لوگ انتہائی ملنسارہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

آسٹریا کے سیاحوں نے کہا کہ سعودی عرب مثالی ملک اوریہاں کے شہری بھی قابل احترام ہیں، یہاں جو بھی سعودی ملا انہوں نے کسی نہ کسی نئے مقام کی سیر کا مشورہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ العلا میں اونٹوں کی دوڑ دیکھنے کا تجربہ یاد گار بن گیا اور یہ بالکل الگ دنیا ہے۔ دوستوں کے لیے ہمارا مشورہ یہی ہے کہ سعودی عرب کی سیر ضرور کریں کہ یہ بہترین سیاحتی ملک ہے۔

شیئر: