Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض بس سروس کے پہلے مرحلے کا آغاز، کرایہ چار ریال

340 سے زیادہ بسیں 15روٹس پر بسیں چلائی جارہی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ریاض سٹی رائل کمیشن نے دارالحکومت میں کنگ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت ریاض بس سروس کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔
پہلے مرحلے میں 340 سے زیادہ ماحول دوست بسیں 15روٹس پر بسیں چلائی جارہی ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جامع پبلک ٹرانسپپورٹ منصوبے کا مقصد ریاض شہر میں آمد و رفت کے مسائل حل کرنا، پبلک ٹرانسپورٹ کو معیاری بنانا اور دارالحکومت کے باشندوں کامعیار بلند کرنا ہے۔ منصوبہ 5 مرحلوں میں نافذ کیا جا رہا ہے۔
رائل کمیشن نے بیان میں کہا کہ ’ریاض بس نیٹ ورک 1900 کلو میٹر طویل ہوگا۔ 800 سے زیادہ بسیں چلائی جائیں گی۔ 86 روٹس پر چلنے والی بسوں کے لیے 2900 سے زیادہ سٹینڈ ہوں گے‘۔
’بس سروس سے مقامی باشندوں اور مقیم غیر ملکیوں کو دفاتر، سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، ٹریننگ سینٹرز اور تفریحاتی مراکزآنے جانے میں سہولت ہوگی۔ پرائیویٹ کار کا استعمال کم ہوگا۔ شہر میں موجود اژدحام کم ہو سکے گا‘۔
ریاض بس سروس کا کرایہ چار ریال مقرر کیا گیا ہے۔ چھ برس تک کے بچوں کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ ریاض ٹرین نیٹ ورک جو شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے حوالے سے اہم ہے۔
چھ روٹس پر مشتمل پروجیکٹ کی کل لمبائی  176 کلو میٹر ہے۔ اس کے  85 سٹیشن ہیں۔
ریاض میں ٹرین اور بس پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ متعدد مراحل میں مکمل ہوگا۔ 2024 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران نیٹ ورک پوری طرح سے موثر ہوجائے گا۔ 

شیئر: