Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان سپیشل ڈرامے ’چاند تارا‘ کی یوٹیوب پر دھوم

ڈرامے میں سپرسٹار اداکارہ عائزہ خان ڈاکٹر کا کردار نبھا رہی ہیں جبکہ ان کے شوہر دانش تیمور سافٹ ویئر انجینیئر ہیں۔ (فوٹو: ہم ٹی وی)
گزشتہ کچھ سالوں سے انٹرٹینمنٹ کے تین بڑے پاکستانی نجی ٹی وی چینلز پر رمضان سپیشل ڈرامے چلائے جاتے ہیں جو فیملی کامیڈی، ڈرامہ اور رومانوی نوعیت کے ہوتے ہیں۔
ان ڈراموں کی سب سے خاص بات یہ ہوتی ہے کہ رمضان کی پہلی تاریخ سے چاند رات تک ہر روز اِن کی نئی قسط نشر کی جاتی ہے۔
رواں سال بھی پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ہم ٹی وی پر اس رمضان نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’چاند تارا‘ کو بڑی تعداد میں ناظرین کی جانب سے پذیرائی مل رہی ہے۔
چاند تارا‘ کی مرکزی کاسٹ میں عائزہ خان، دانش تیمور، دانش نواز اور عاشر وجاہت شامل ہیں جبکہ اس ڈرامے کو معروف رائٹر صائمہ اکرم چودھری نے لکھا ہے اور اس کی ہدایت کاری دانش نواز نے کی ہے۔
اس ڈرامے میں سپرسٹار اداکارہ عائزہ خان ڈاکٹر کا کردار نبھا رہی ہیں جبکہ ان کے شوہر دانش تیمور سافٹ ویئر انجینیئر ہیں۔
اس ڈرامے کی کہانی صارم نامی ایک سافٹ ویئر انجینیئر (دانش تیمور) کے گرد گھومتی ہے جو اپنی جوائنٹ فیملی سے تنگ ہے اور اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق جینا چاہتا ہے۔
دوسری طرف اس کی ملاقات ڈاکٹر نین تارا (عائزہ خان) سے ہوتی ہے جو فیملی کے ساتھ رہنے پر فوقیت دیتی ہے۔
عرب نیوز کی نامہ نگار براق شبیر سے بات کرتے ہوئے چاند تارا کی رائٹر صائمہ اکرم چودھری کہتی ہیں کہ ’میرے رمضان کے ڈرامے فیملی کے گرد گھومتے ہیں۔ اس میں فیملی کے سارے لوگ ہوتے ہیں اور اِن ڈراموں سے جوائنٹ فیملی سسٹم کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہیں۔‘
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’جوائنٹ فیملی سسٹم کے اپنے فوائد اور نقصانات ہیں۔ یہ سسٹم برا نہیں ہے لیکن اس میں سب افراد کو آزادی ملنی چاہیے۔ یہی چاند تارا کا مرکزی خیال ہے جس کی ہر قسط میں چھوٹے چھوٹے سبق بھی ملتے ہیں۔‘
صائمہ اکرم کے رمضان سپیشل ڈرامے ہلکے پھلکے اور کامیڈی رومانس سے بھرپور ہوتے ہیں جس پر وہ کہتی ہیں کہ ’ہلکے پھلکے انداز میں موثر طریقے سے پیغام دیا جا سکتا ہے۔‘
37 سالہ رائٹر اس سے قبل سنو چندا، چپکے چپکے، عشق جلیبی، ہم تم اور چودھری اینڈ سنز جیسے بلاک بسٹر رمضان سیریل بھی لکھ چکی ہیں۔
دوسری جانب چاند تارا نے یوٹیوب پر بھی دھوم مچا رکھی ہے۔
ڈرامے کی پہلی تین اقساط کو اب تک ایک کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جس کے باعث یہ ڈرامہ یوٹیوب پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔
رمضان سپیشل ڈرامے چاند تارا کے بارے  میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداح اپنے خیالات کا خوب اظہار کر رہے ہیں۔
رامین اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’رواں سال میں کوئی رمضان ڈرامہ دیکھنے کا نہیں سوچ رہی تھی لیکن جھوٹ نہیں بولوں گی پہلی قسط بہت اچھی اور کیوٹ تھی۔‘
عثمان شیخ عائزہ خان کے کردار نین تارا کے بارے میں کہتے ہیں کہ ’مجھے تارا کا مخصوص سٹائل بہت اچھا لگا۔ وہ ہمیشہ ہی کچھ الگ اور منفرد کرتی ہے جس سے حیرانی ہوتی ہے۔ تارا جو بجا دے سب کا بینڈ باجا۔‘
ٹوئٹر ہینڈل اینچانٹنگ عشق نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’چاند تارا بہت قابل تعریف ہے۔ مجھے بہت خوشی ہوتی ہے جب شادی شدہ جوڑے اکٹھے کام کریں اور اچھی کیمسٹری دکھائیں۔‘
 بسمہ ملک نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ  ’چاند تارا رمضان کا سب سے بہترین سیریل ہوگا۔‘

شیئر: