زینت امان بھی گلوکاری کرنے لگیں
ممبئی .... بالی وڈ میں ان دنوں اداکار اور اداکارائیں اپنی گلوکاری کی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کر رہے ہیں اور اب ان میں اپنے دور کی معروف اداکارہ زینت امان بھی شامل ہو گئی ہیں۔زینت اپنی ویب سیریز لو لائف اینڈا سکرو اپس میں گانا گاتی نظر آئیں گی۔ زینت جو گانا گانے جا رہی ہیں، اس میں ان کے کیریئر کی فلموں کے ہی گانوں کی دھن ہونگی۔ زینت کو جب یہ پیشکش کی گئی تھی تو انہوں نے پس و پیش کیا اور تذبذب میں پڑ گئیںکیونکہ انہوں نے اس سے پہلے کبھی گانا نہیں گایا تھا۔ فلم کے ڈائریکٹر کوستبھ شرما نے بتایا کہ یہ گانا ان کے کردار جوانا کا انٹروڈکشن گانا ہے۔یہ کردار ان کی فلمیں ”یادوں کی بارات، ہیرا پنا اور منورنجن“ سے ملتا جلتا ہے۔ اس گانے کو پہلے ایک پیشہ ور گلوکار نے گایا تھا لیکن انہیں پسند نہیں آیا اس لئے انہوں نے اس گانے کے لئے زینت کومنا نے کا فیصلہ کیا۔کوستبھ نے کہاکہ ”ہم نے زینت کو صرف گانے کی کوشش کرنے اورریکارڈنگ کےلئے ا سٹوڈیو بلایا،وہ تیار ہو گئیں، لیکن پہلے ہی ٹیک میں ہمیں بہترین آواز مل گئی۔“ زینت کا گایا یہ گانا ویب سیریز کے ہر واقعہ میں بیک گراﺅنڈ میں سنایا جائے گا۔ ویب سیریز کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور مئی کے اواخرمیں یہ ریلیز ہو گی۔