Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میری فلم کی شوٹنگ پہلگام حملے سے پہلے ہوئی اور اب میچ کھیلے جا رہے ہیں، دلجیت دوسانجھ

انڈین گلوکار دلجیت دوسانجھ نے پہلگام حملے، پاکستانی اداکار ہانیہ عامر کے ساتھ اپنی فلم سردار جی 3 کے تنازع اور انڈیا پاکستان کے درمیان حالیہ میچ پر اپنی خاموشی توڑ دی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ملائیشیا میں اپنے کنسرٹ کے دوران شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فلم سردار جی 3 کی شوٹنگ حملے سے پہلے کی گئی تھی اور اس کے بعد میچ کھیلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس دینے کے لیے بہت سے جوابات تھے لیکن وہ خاموش رہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کئی کلپس سامنے آئے جن میں دلجیت دوسانجھ کو انڈیا کے قومی پرچم کو سلیوٹ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ میرے دیش دا جھنڈا ہے‘ (وہ میرے ملک کا جھنڈا ہے) ہمیشہ عزت کرو۔‘
اس کے بعد انہوں نے کنسرٹ کے شرکاء سے کچھ معاملات پر بات کرنے کی اجازت لی۔ انہوں نے پنجابی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب فروری میں میری فلم سردار جی تھری کی شوٹنگ ہوئی تو میچز کھیلے جا رہے تھے۔‘
دلجیت دوسانجھ نے پہلگام حملے پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ ’اس کے بعد پہلگام کا المناک دہشت گردانہ حملہ ہوا۔ اس وقت، اور اب بھی، ہم نے ہمیشہ دعا کی ہے کہ دہشت گردوں کو سخت سزا ملے۔ فرق یہ ہے کہ میری فلم کی شوٹنگ حملے سے پہلے کی گئی تھی، اور حملے کے بعد میچ کھیلا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے بعد انہیں ’ملک دشمن‘ کہا گیا۔ ’میڈیا نے مجھے ملک دشمن کے طور پر پیش کرنے کی پوری کوشش کی، لیکن پنجابی اور سکھ برادری کبھی بھی قوم کے خلاف نہیں جا سکتی۔‘
دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ ’میرے پاس بہت سے جواب تھے، لیکن میں نے خاموشی اختیار کی، سب کچھ اپنے اندر رکھا، میں بولا نہیں، میرے پاس بہت سے جواب ہیں۔‘
انہون نے مزید کہا کہ ’جو کوئی بھی آپ کو کچھ کہے، آپ اس زہر کو اپنے اندر نہ لے جائیں۔ میں نے یہ زندگی سے سیکھا ہے، اس لیے میں نے کچھ نہیں کہا، کہنے کو بہت کچھ ہے، لیکن میں ایسا نہیں کرنا چاہتا۔‘

 

شیئر: