الفجیرہ میں طلاق کا منفرد مقدمہ: ’شوہر مجھ پر جادو کرواتا ہے‘
اپیل کورٹ نے ابتدائی عدالتی فیصلے کومنسوخ کرتے ہوئے طلاق دلوا دی(فوٹو،ایکس اکاونٹ)
الفجیرہ ریاست کی اپیل کورٹ نے طلاق کے مقدمے میں ابتدائی عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے مدعیہ کے حق میں فیصلہ صادر کر دیا ہے۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق الفجیرہ ریاست کی ابتدائی عائلی عدالت میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف مقدمہ دائر کیا جس میں اسے طلاق کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شوہراسے بلا وجہ مارتا ہے اور گھر کے اخراجات ادا کرنا تو دور کی بات اسے ملازمت کرنے سے بھی منع کرتا ہے۔
خاتون نے مزید کہا کہ بچوں کو بھی جدا کرنے کی دھمکی دیتا ہے اس لیے اسے طلاق دلوائی جائے۔
ابتدائی عدالت نے شوہر کو حکم دیا کہ وہ گھریلو اخراجات کےلیے ماہانہ 6 ہزار درھم ادا کرے، علاوہ ازیں اہلیہ کو ماہانہ 1500 درھم دیے جائیں اور گھر کے لیے خادمہ کا انتظام کرے۔ عدالت نے احکامات صادر کرتے ہوئے طلاق کے مطالبے کو مسترد کرد یا۔
خاتون نے ابتدائی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا جہاں خاتون نے دعویٰ کیا کہ شوہر اسے نقصان پہنچانے کےلیے جادو کا سہارا لیتا ہے جس سے اسے شدید نقصان پہنچا اسی وجہ سے ازدواجی زندگی کو برقرار رکھنا ممکن نہیں۔
اپیل کورٹ نے تمام شواہد کی روشنی میں ابتدائی عدالتی فیصلے کو منسوخ کرتے ہوئے شوہر کو طلاق دینے کا حکم صادر کرتے ہوئے اسے پابند کیا کہ وہ ابتدائی عدالتی فیصلے کے مطابق نفقہ ادا کرے۔
علاوہ ازیں اہلیہ کو جو نقصان پہنچا اس پر 30 ہزار درھم ادا کرے، بچوں کے نفقے کے لیے ماہانہ 500 درھم اور مکان کے کرائے کی مد میں سالانہ 50 ہزار درھم جبکہ سامان کے 25 ہزار درھم الگ سے ادا کیے جائیں۔
