Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہالی وُڈ ہدایتکار شاہ رخ خان کی فلم ’کل ہو نا ہو‘ کا سیکوئل بنانے کے خواہش مند

’کل ہو نا ہو‘ نے دو نیشنل ایوارڈز سمیت آٹھ فلم فیئر ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔ (فوٹو: ایمازون پرائم)
ہالی وُڈ کے فلم ڈائریکٹر ڈیکسٹر فلیچر مشہور زمانہ بالی وُڈ فلم ’کل ہو نا ہو‘ کا دوسرا پارٹ بنانے کے خواہش مند ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ڈیکسٹر فلیچر نے کہا ہے کہ وہ شاہ رخ خان کی فلم ’کل ہو نا ہو‘ کا سیکوئل بنانا پسند کریں گے۔
ڈیکسٹر فلیچر ان دنوں اپنی نئی فلم ’گھوسٹڈ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ جب ان سے ایک انٹرویو میں پوچھا گیا کہ کیا وہ کوئی بالی وُڈ فلم بھی بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں؟
جس پر انہوں نے فوراً جواب دیا کہ ’میں بالی وُڈ فلم بنانا بہت پسند کروں گا۔ وہ لڑکا کون ہے؟ مجھے یاد نہیں، لیکن مجھے وہ فلم بہت پسند ہے۔ کل ہو نا ہو۔
اس دوران میزبان نے جب انہیں شاہ رخ خان اور سیف علی خان کا نام یاد کروایا تو انہوں نے کہا کہ ’جی ہاں۔ یہ بہت شاندار تجربہ ہوگا۔
گھوسٹڈ‘ ایک رومانوی، کامیڈی اور ایڈوینچر فلم ہے جس کی کاسٹ میں کرس ایونز، اینا ڈی آرمز، لِزی براڈ وے اور ایڈرین بروڈی شامل ہیں۔
فلم کی کہانی کول (کرس ایونز) کے گرد گھومتی ہے جو سیڈی نامی ایک لڑکی (اینا ڈی آرمز) کی محبت میں گرفتار ہوجاتا ہے لیکن اسے بعد میں یہ پتا چلتا ہے کہ سیڈی ایک خفیہ ایجنٹ ہے۔
یہ فلم 21 اپریل کو ڈیجیٹل سٹریمنگ پلیٹ فارم ایپل ٹی وی پلس پر ریلیز کی جائے گی۔ اس سے قبل 2019 میں ڈیکسٹر فلیچر نے فلم ’راکٹ مین‘ بنائی تھی جو مہشور برطانوی سنگر ایلٹن جان کی بائیو پکچر تھی۔
سنہ 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم کل ہو نا ہو شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم تھی جسے نکھل اڈوانی نے ڈائریکٹ کیا تھا۔
اس فلم میں شاہ رخ خان، سیف علی خان کے ساتھ پریتی زنٹا شامل تھیں جبکہ اسے کرن جوہر نے پروڈیوس کرنے کے ساتھ ساتھ لکھا بھی تھا۔
’کل ہو نا ہو‘ نے دو نیشنل ایوارڈز سمیت آٹھ فلم فیئر ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔

شیئر: