پاکستان اس مقام پر نہیں پہنچا جہاں اپنا قرض ادا نہ کر سکے: آئی ایم ایف
جمعرات 13 اپریل 2023 20:30
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ پاکستانی حکام نے جن نکات پر اتفاق کیا ہے ان پر عمل درآمد ہو گا۔‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیورجیوا کا کہنا ہے کہ ان کا ادارہ پاکستان کی مدد کرنے والے ممالک کے ساتھ موجودہ پروگرام مکمل کرنے کے لیے اضافی مالی مدد کی یقین دہانیوں کے حوالے سے بات چیت کر رہا ہے۔
جمعرات کو واشنگٹن میں ایک بریفنگ کے دوران پاکستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کرسٹالینا جیورجیوا کا کہنا تھا کہ ’ہم اس وقت پاکستانی کی مدد کرنے والے (ممالک) سے اضافی سپورٹ سے متعلق مالی یقین دہانیوں پر بات چیت کر رہے ہیں تاکہ موجودہ پروگرام مکمل کیا جا سکے۔‘
آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ اچھی نیت کے ساتھ پاکستانی حکام نے جن نکات پر اتفاق کیا ہے ان پر عمل درآمد ہو گا اور موجودہ پروگرام مکمل ہو جائے گا۔‘
گذشہ کئی مہینوں سے یہ قیاس آرئیاں بھی بھی گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان کی مالی مشکلات اسے ڈیفالٹ کی طرف لے جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے کرسٹالینا جیورجیوا کا کہنا تھا کہ ’ہم ابھی اس مقام پر نہیں پہنچے ہیں جہاں پاکستان اپنا قرض ادا کرنے کے قابل نہ ہو اور بہتر یہی ہو گا کہ ہم اس نہج تک نہ پہنچیں۔‘
دوسری جانب پاکستان کی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لگاتار دوسرے روز اپنی ٹیم کے ہمراہ آئی ایم ایف کی ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر اینٹونیٹ مونیسو سیح سے زوم کے ذریعے بات چیت کی ہے۔
وزارت خزانہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور اینٹونیٹ مونیسو سیح نے حکومت پاکستان کی معاشی اور مالیاتی پالیسیوں اور اصلاحات اور آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے لیے پیشگی اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیر خزانہ نے اینٹونیٹ مونیسو سیح کو مزید بتایا کہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت نویں جائزے کے لیے تمام پیشگی کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں اور حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔‘
واضح رہے پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے متعدد مرتبہ کہا جا چکا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط ہوجائیں گے۔ تاہم اس حوالے سے آئی ایم ایف حکام کا کوئہ بیان تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔