Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اس سال 25 فیصد زیادہ عمرہ زائرین آئے: وزیر داخلہ

ٹیکنالوجی پر انحصار اور پیشگی منصوبہ بندی کا رواج بڑھنے لگا ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا ہے کہ ’گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال عمرہ زائرین کی تعداد میں  25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ توقع ہے کہ آئندہ سالوں کے دوران ان کی تعداد مزید بڑھے گی‘۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر داخلہ نے جمعے کو وزارت کے اعلی عہدیداروں اور سیکیورٹی اداروں کے کمانڈروں سے مکہ مکرمہ میں ملاقات کے دوران کہا کہ ’زائرین کی تعداد میں اضافے کے ساتھ پیشہ ورانہ لیاقت بڑھ رہی ہے۔ ٹیکنالوجی پر انحصار اور پیشگی منصوبہ بندی کا رواج بھی بڑھ رہا ہے‘۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’عمرہ سیزن میں سیکیورٹی اہلکاروں نے جو کاوشیں کیں وہ زبردست ہیں۔ عمرے پر آنے والوں، نمازیوں اور زائرین کے حلقوں میں امن و سلامتی کا احساس بڑھا ہے‘۔

وزیر داخلہ نے تمام اعلی عہدیداروں کو عمرہ سیزن کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ (فوٹو اخبار 24)

وزیر داخلہ نے توجہ دلائی کہ ’اعلی قیادت کی مسلسل تاکید ہے کہ ایسے تمام اقدامات کیے جائیں جن سے  زائرین  عمرہ، حج اور زیارت کے کام سہولت اور اطمینان کے ساتھ کرسکیں‘۔
یاد رہے کہ وزیر داخلہ نے ہر برس کی طرح اس سال بھی سیکیورٹی اداروں کے اعلی عہدیداروں کو خادم حرمین شریفین اور ولی عہد  کی جانب سے عید الفطر کی مبارکباد کا پیغام پہنچایا اور وزارت داخلہ کے تمام اہلکاروں کو عمرہ سیزن کے انتظامی اور امن منصوبوں کی کامیابی پر مبارکباد  کا پیغام بھی دیا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: