Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان انخلا: پاسپورٹ اور ویزہ نہ رکھنے والوں کے لیے جوازات کی خصوصی کارروائی

سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کی جانب سے سوڈان سے آنے والے سوڈانی اور وہاں مقیم ایسے غیرملکی جن کے پاس سعودی عرب کا ویزہ یا اپنے ملک کا پاسپورٹ وغیرہ نہیں ہے ان کےلیے امیگریشن کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی جانب سے بندرگاہ اوردیگرمقامات پرسوڈان سے آنے والوں کی سہولت کے لیے خصوصی کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کا ڈیٹا اکھٹا کرکے سعودی عرب میں ان کے سفارتخانوں سے رجوع کیا جاتا ہے۔
مملکت میں موجود مختلف ممالک کے سفارتکار اپنے شہریوں کی شناخت کر کے انہیں ہنگامی بنیادوں پر ایمرجنسی سفری دستاویز فراہم کرتے ہیں جس کی بنیاد پر انہیں سعودی عرب کا فوری انٹری ویزہ جاری کیا جاتا ہے تاکہ امیگریشن کارروائی مکمل کی جاسکے۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کا مزید کہنا ہے کہ سوڈان سے انخلا کا عمل جاری ہے اس حوالے سے اعلی قیادت کی جانب سے ملنے والی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے امیگریشن کے مراحل کو تیز تر بنایا گیا ہے تاکہ سوڈان سے آنے والوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
امیگریشن کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سوڈان سے آنے والے مختلف ممالک کے شہریوں کوانکے ملکوں کے سفارتخانوں کے تعاون سے ان کے ملک روانہ کردیا جاتا ہے۔

شیئر: