Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی طرف سے خرطوم میں اردنی سفارتخانے اور کویتی مشن کی رہائش پر حملے کی مذمت

وزارت خارجہ نے کہا کہ ’خرطوم میں سفارتی تنصیبات اورعملے کو تحفظ دیا جائے‘۔(فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سوڈان کے دار الحکومت خرطوم میں اردن کے سفارتخانے پر حملے اور کویت کے سفارتکار کی رہائش پر دھاوا بولنے اور توڑ پھوڑ کی مذمت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ’ سعودی عرب سفارتی  تنصیبات اور عملے کے خلاف ہر قسم کے تشدد اور توڑ پھوڑ کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے‘۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’خرطوم میں سفارتی تنصیبات اورعملے کو تحفظ دیا جائے‘۔
’ہم تمام سوڈانی فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جدہ میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے دوران اتفاق رائے کے مطابق پرامن رہیں اور سیاسی عمل کا عہد کریں‘۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اردنی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ’پیر کو سوڈانی دارالحکومت خرطوم میں اردنی سفارتخانے  پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی گئی ہے‘۔ 
اردنی دفتر خارجہ نے بیان میں سفارتخانے پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ’اردن ہر طرح کے تشدد اور تخریب کاری کو مسترد کرتا ہے‘۔
کویت کے وزارت خارجہ نے بھی بیان میں کہا تھا کہ ’خرطوم کے سفارتخانے میں اس کے ملٹری اتاشی کی رہائش گاہ پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی گئی ہے‘۔
اردن اور کویت نے حملوں کو تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

شیئر: