Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش میں اندھے پن سے نمٹنے کے لیے موتیے کے 303 کامیاب آپریشن

بنگلہ دیش میں رضاکارانہ پروگرام 11 سے 18 مئی تک جاری رہے گا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے نور سعودی عرب کے ذریعے بنگلہ دیش کے تنگیل شہر میں ایک  ہفتے تک آوٹ ریچ پروگرام منعقد کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی رضاکارانہ طبی ٹیم نے چار ہزار 81  مریضوں کا معائنہ کیا، 991 چشمے تقسیم کیے اور ملک میں اندھے پن سے نمٹنے کے لیے موتیے کے 303 کامیاب آپریشن کیے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ رضاکارانہ پروگرام 11 سے 18 مئی تک جاری رہے گا۔
دی بزنس سٹینڈرڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں 30 سال سے زیادہ عمر کے ہر 100 افراد میں سے ایک نابینا ہے اور متعدد افراد  آنکھوں سے متعلق دیگر مسائل کا شکار ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 208  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔

شیئر: