Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کو اپنی اور اہلیہ کی پڑی ہے: ایمان مزاری 

شیریں مزاری کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری کی بیٹی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مجھے عمران خان پر بہت افسوس ہوا۔ انہوں نے پانچ چھ دن بعد میری والدہ کی حراست سے متعلق بیان دیا اور کہا کہ جو ان کے ساتھ ہو رہا ہے، غلط ہو رہا ہے۔‘ 
اتوار کی شب ڈان نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایمان مزاری نے کہا کہ ’لیکن عمران خان صاحب کو اپنی پڑی ہوئی ہے اور اپنی بیوی کی پڑی ہوئی ہے۔ اور کسی کی نہیں پڑی ہوئی۔‘ 
انہوں نے مزید کہا ’حتیٰ کہ پی ٹی آئی کے وکلاء ان ہزاروں کارکنوں کو کوئی قانونی مدد فراہم نہیں کر رہے جو گرفتار ہیں یا غائب ہیں۔ انہیں پی ٹی آئی کیوں نظرانداز کر رہی ہے۔ ان کی کیا غلطی ہے؟‘

شیریں مزاری کی رہائی کا حکم

پیر کو لاہور ہائی کورٹ کی راولپنڈی برانچ نے شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایمان مزاری نے کہا کہ ’میری والدہ کو ایک ہفتے میں تین بار گرفتار کیا گیا۔ آج عدالت نے میری والدہ کے لیے دوسرا ایم پی او آرڈر کالعدم قرار دیا ہے۔‘
قبل ازیں منگل کو بھی ایمان مزاری ایک ٹی وی پروگرام کے دوران ان الفاظ میں شکوہ کر چکی ہیں کہ ’میری والدہ ہمیشہ عمران خان کے ساتھ کھڑی رہی ہیں لیکن انہوں نے والدہ کی حراست پر ایک لفظ بھی نہیں بولا۔‘ 
ایمان مزاری نے منگل کو اینکر پرسن منیزے جہانگیر کے پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’یہ صورت حال دیکھ کر میں بہت مایوس ہوئی ہوں۔ میری والدہ کے ساتھ جو ہوا ہے، وہ پارٹی سے وابستگی کی بنیاد پر ہوا ہے۔‘ 

عمران خان نے کس کس رہنما کا نام لیا؟

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 17 مئی کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی تھی اور خواتین کارکنوں کے ساتھ پولیس کے سلوک پر سوال اٹھائے تھے۔ 
عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، یوٹیوبر عمران ریاض خان، شہریار  آفریدی اور اان کی اہلیہ ، ڈاکٹر شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز چترالی کا ذکر کیا تھا۔ 
اس کے بعد پی ٹی آئی کے ایک اور گرفتار رہنما فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر شکوہ کیا تھا کہ عمران خان کئی رہنماؤں کو بھول چکے ہیں۔  

’آپ فواد چوہدری کا ذکر کرنا بھول گئے‘ 

فواد چوہدری کی اہلیہ نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’خان صاحب آپ فواد چوہدری، ملیکہ بخاری، جمشید چیمہ اور مسرت جمشید کا ذکر کرنا بھول گئے۔‘  
حبا فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ ’یہ مشکل وقت ہے لیکن خان صاحب ہمیں آپ کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔‘ 
خیال رہے کہ فواد چوہدری بھی پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں میں شامل تھے جنہیں 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ عمران خان کو منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت ملنے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔

شیئر: