Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’صدر کو قتل کرنا چاہتا تھا‘، وائٹ ہاؤس سے ٹرک ٹکرانے والے انڈین نژاد شہری کا انکشاف

بیریئر کے ساتھ ٹرک ٹکرائے ہی سکیورٹی حرکت میں آئی اور ڈرائیور کو گرفتار کیا (فوٹو: اے پی)
وائٹ ہاؤس کی دیوار سے جان بوجھ کر ٹرک ٹکرانے کے 19 سالہ ملزم کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ ’وہ صدر کو قتل اور حکومت پر قبضہ کرنا چاہتا تھا۔‘
این بی سی کے مطابق منگل کو عدالت کی جانب سے جاری ہونے والی دستاویز کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ وہ نازیوں سے متاثر ہے۔
خفیہ ایجنسی کے اہلکار کی جانب سے وفاقی ضلعی عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سائی وارشتھ کنڈولا کا تعلق میسوری کے علاقے چیسٹرفیلڈ سے ہے۔ وہ پیر کو ڈولیس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے اور رات کے وقت ٹرک کرائے پر حاصل کیا۔‘
اس بیان میں ایک کریمنل شکایت بھی شامل ہے جس میں کنڈولا پر امریکہ کی ایک ہزار ڈالر سے زائد کی پراپرٹی کو ضائع کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
عدالتی دستاویز کے مطابق پیر کی رات تقریباً نو بج کر 35 منٹ پر وہ ٹرک لے کر وائٹ ہاؤس کے باہر لگے بیریئر کے بالکل قریب پہنچے اور اس کو ٹکر مار دی جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے ان کو حراست میں لیا۔
جب خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے کنڈولا سے بیگ میں موجود جھنڈے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ یہ نازیوں کی علامت ہے اور وہ بہترین تاریخ رکھتے ہیں۔
 عدالتی دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’انہوں نے نازیوں کی آمرانہ فطرت اور ون ورلڈ آرڈر کی تعریف کی اور ہٹلر کو ایک مضبوط رہنما قرار دیا۔‘
کنڈولا نے مبینہ طور پر حکام کو بتایا کہ وہ چھ ماہ سے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جس کی تفصیل ایک گرین بک میں محفوظ ہے۔

واقعے کے بعد ویڈیوز اور تصاویر میں ٹرک کو بیریئر کے ساتھ ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ (فوٹو: اے پی)

دستاویز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’میرا مقصد وائٹ ہاؤس میں داخل ہونا اور حکومت پر قبضہ کرنا تھا اور ملک کا سربراہ بننا تھا۔‘
جب حکام نے ان سے پوچھا کہ ’اقتدار پر قبضہ کس طرح کرنا تھا؟ تو انہوں نے بتایا کہ انہوں نے طے کر رکھا تھا کہ صدر کو قتل کروں گا اور جو راستے  میں آئے گا اسے بھی ہٹا دوں گا۔‘
سینٹ لوئس کے علاقے جہاں کنڈولا رہائش پذیر ہے، ایف بی آئی کے اہلکاروں نے وہاں سے ان کے نکلنے اور واشنگٹن پہچنے کی تفصیلات جمع کر لی ہیں جبکہ مزید شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق  کنڈولا انڈین نژاد امریکی شہری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چیسٹرفیلڈ کے علاقے میں کنڈولا کے اقدام کے بارے میں بارے میں کسی سے بات چیت کا ریکارڈ بھی نہیں ملا ہے۔
واقعے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں ٹرک کو بیریئر کے ساتھ ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

شیئر: