Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوجرانوالہ: ولیمے کے دن دلہن کا قتل، مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

پولیس کے مطابق دلہن صبا کے قتل کے بعد مرکزی ملزم سرفراز کراچی فرار ہو گیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے شہر گوجرانوالہ میں ولیمے کے روز دلہن صبا کو قتل کرنے کا مرکزی ملزم سرفراز سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں مارا گیا۔
پولیس کے مطابق مدو خلیل روڈ پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے سی سی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی مبینہ طور پر فائرنگ کر دی جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
زخمی ملزم کی شناخت سرفراز کے نام سے ہوئی جو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے دم توڑ گیا، ملزم سرفراز مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوا۔
پولیس کے مطابق دلہن صبا کے قتل کے بعد مرکزی ملزم سرفراز کراچی فرار ہو گیا تھا، ملزم نے سندھ کے بعد بلوچستان میں بھی روپوش ہونے کی کوشش کی۔
سی سی ڈی ٹیموں نے سندھ اور بلوچستان میں ملزم کا تعاقب جاری رکھا اور گوجرانوالہ واپسی پر مدو خلیل روڈ کے قریب ملزم کا سی سی ڈی اہلکاروں سے سامنا ہو گیا۔
سی سی ڈی نے الگ کارروائی میں مرکزی ملزم سرفراز کے ساتھی حمزہ کو بھی گرفتار کر لیا، جبکہ دلہن صبا کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزمہ عروب پہلے ہی گرفتار ہو چکی ہے۔
یہ واقعہ 24 اکتوبر کی شام گوجرانوالہ میں سمن آباد چونگی کے قریب پیش آیا تھا۔ ولیمے سے واپسی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی روک کر دلہن صبا کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔
مبینہ طور پر کسی اور شخص سے شادی کرنے پر ملزم سرفراز نے صبا کو قتل کیا تھا۔

 

شیئر: