ایئر انڈیا ماہانہ 600 پائلٹس اور کریو ممبرز بھرتی کرے گی
کیمبل ولسن کے مطابق بھرتیوں کی یہ رفتار اس سال کے بیشتر حصے تک جاری رہے گی۔ (فائل فوٹو: دی اکنامک ٹائمز)
ایئر انڈیا کے سی ای او کیمبل ولسن نے کہا ہے کہ ایئرلائن ہر مہینے 550 کیبن کریو ممبرز اور 50 پائلٹس بھرتی کر رہی ہے اور رواں برس کے آخر تک چھ اے350 طیاروں کے فِلیٹ میں شامل ہونے کی امید ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق گزشتہ برس جنوری میں حکومت سے یہ ایئرلائن خرید کر اس کی باگ دوڑ سنبھالنے والے ٹاٹا گروپ نے نقصان میں جانے والی اس ادارے کو منافع بخش بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں 470 طیاروں کے ایک بڑے آرڈر کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی آپریشنز کو بڑھانے کا سلسلہ بھی شامل ہے۔
کیمبل ولسن جو ایئر انڈیا کے مینجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او بھی ہیں، نے اپنے بھرتی کے منصوبوں کے حوالوں سے نئی دہلی میں پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال کوئی ہدف نہیں ہے، لیکن تقریباً 550 کیبن کریو ممبرز اور 50 پائلٹس ہر ماہ آ رہے ہیں اور نئے سرے سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’کیبن کریو ممبرز کے معاملے میں، یہ تقریباً دس گنا اضافہ ہے اور پائلٹوں کے معاملے میں، یہ پہلے سے پرائیویٹائزڈ ایئرلائن کے سالانہ ریٹ پر تقریباً پانچ گنا اضافہ ہے۔‘
کیمبل ولسن کے مطابق بھرتیوں کی یہ رفتار اس سال کے بیشتر حصے تک جاری رہے گی اور سال کے آخر تک کم ہو جائے گی اور 2024 کے آخر تک اس میں دوبارہ تیزی آئے گی۔