Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیت کی توقع تھی، لیکن ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا جیسا آپ سوچتے ہیں: کرسٹیانو رونالڈو

رونالڈو نے سعودی لیگ میں 16 میچز میں 14 گول کیے۔ (فوٹو: النصر کلب)
دنیا کے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی لیگ میں الاتحاد کلب سے ہارنے کے بعد ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ انہیں جیت کی توقع تھی، لیکن ضروری نہیں کہ بالکل ویسا ہی ہو جیسا انسان سوچتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے رواں برس جنوری میں سعودی فٹ بال کلب النصر سے منسلک ہونے کے بعد ایک مکمل انٹرویو دیا ہے۔ حال ہی میں ان کی ٹیم کو سعودی لیگ میں چیمپئن ٹرافی جیتنے والی ٹیم الاتحاد کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’میری توقعات کچھ مختلف تھیں۔ ایمانداری سے کہا جائے تو مجھے رواں برس جیت کی توقع تھی، لیکن ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا جیسا آپ سوچتے ہیں۔ بعض اوقات ہمیں کچھ بہترین حاصل کرنے کے لیے جذبے اور تسلسل کی ضرورت ہوتی ہے۔‘
’مجھے یقین ہے کہ اگلے برس ہم بہتری دکھائیں گے۔ بعض اوقات چیزوں کو بہتر ہونے میں وقت لگتا ہے، لیکن اگر آپ یقین کر لیں کہ آپ کا مقصد کیا ہے تو کچھ بھی ممکن ہو سکتا ہے۔‘
کرسٹیانو رونالڈو جنوری میں النصر کلب سے منسلک ہوئے تھے اور سعودی پروفیشنل لیگ میں انہوں نے 16 میچز میں 14 گول کیے۔
انہوں نے کہا کہ ’لیگ بہت اچھی ہے، اس میں بہت عمدہ ٹیمیں اور عرب کھلاڑی ہیں، لیکن کچھ چیزوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے جیسا کہ ریفریز۔ وی اے آر سسٹم کو تھوڑا تیز ہونا چاہیے۔ میرے خیال کچھ اور چھوٹی چھوٹی چیزیں بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔‘
’لیکن میں یہاں خوش ہوں، میں یہ جاری رکھنا چاہتا ہوں اور جاری رکھوں گا۔ میری رائے میں اگر اگلے پانچ سال بہتری کے لیے کام جاری رکھا جائے تو سعودی لیگ دنیا کی چوٹی کی پانچ لیگز میں شامل ہو سکتی ہے۔‘
سعودی عرب میں رہنے کے تجربے کے حوالے سے رونالڈو نے کہا کہ ’اگر آپ سعودی عرب میں آ کر مزہ کرنا چاہتے ہیں، ثقافت دیکھنا چاہتے اور اچھی خوراک انجوائے کرنا چاہتے ہیں تو یہاں رہنا بہت اچھا تجربہ ہے۔‘

کرسٹیانو رونالڈو جنوری میں النصر کلب سے منسلک ہوئے تھے۔ (فوٹو: النصر کلب)

’سعودی رات کو جاگتے ہیں اور یہ کافی دلچسپ ہے۔ اگر شہر کو رات کو دیکھیں تو بہت خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔ اور اگر آپ کھانوں کے شوقین ہیں تو ریاض آئیں جہاں بہت اچھی کوالٹی کے ریستوران ہیں۔‘
سعودی عرب میں اپنے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’مجھے مختلف چیزیں دیکھنے کا شوق ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں یہاں ہوں۔ اب میں العلا دیکھنا چاہتا ہوں جو بہت خوبصورت ہے۔ ہم ملک میں گھومتے ہیں تو بہت سی اچھی جگہیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔‘
انہوں نے سعودی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میری کھیل کے میدان کے علاوہ گلیوں بازاروں اور میں جہاں بھی جاتا ہوں وہاں میری حمایت کرنے کا بہت شکریہ۔‘

شیئر: