Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی عازمین حج کی شکایات کے ازالے کےلیے ٹال فری کال سینٹر

یہ مرکز بارہ بارہ گھنٹے کی شفٹوں میں کام کررہا ہے (فوٹو: ٹوئٹر ریڈیو پاکستان)
سعودی عرب میں پاکستان حج مشن نے مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین حج کے لیے ٹال فری کال سنٹر قائم کیا ہے جہاں وہ اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستانی وزارت مذہبی امور کی سیکشن افسر بینش اشرف طاہر ان معاملات کی نگرانی کررہی ہیں۔
بینش اشرف نے بتایا کہ ’عازمین حج کی شکایات کے ازالے کے لیے یہ مرکز بارہ بارہ گھنٹے کی شفٹوں میں کام کررہا ہے‘۔
مرکز میں شکایات کے اندراج کےلیے پانچ خصوصی ٹیلیفون لائنیں مختص کی گئی ہیں۔
بینش اشرف کا کہنا ہے کہ ’اب تک معمولی نوعیت کی بیس سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں جن کا تعلق کھانے کے ذائقے، رہائش اور دوسرے معاملات سے تھا‘۔
علاوہ ازیں وزارت مذہبی امور کے جوائنٹ سیکریٹری ارشد فرید جو مانیٹرنگ سیل کےانچارج بھی ہیں کہا کہ’ پرائیوٹ حج سکیم کے تحت 75 ہزارعازمین حج آئندہ 20 دنوں میں سعودی عرب پہنچیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سروس پرووائیڈر معاہدے کے تحت پرائیویٹ عازمین حج کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اس حوالے سے مانیٹرنگ ٹیم نے حج گروپ آرگنائزرز کے انتظامات کا موثر انداز میں جائزہ لیا ہے‘۔

شیئر: