Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ن لیگ کے ساتھ سیاسی مخالفت نہیں، پالیسیز پر ہو سکتی ہے‘

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا ہو گا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کا مسلم لیگ ن کے ساتھ کوئی سیاسی اختلاف نہیں ہے، لیکن کچھ پالیسیز پر مختلف نقطہ نظر ضرور موجود ہے۔
پیر کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’جہاں تک پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی بات ہے تو ہمارا ان کے ساتھ کوئی سیاسی اختلاف نہیں ہے۔ آج ہم اتحاد میں ہیں اور پیپلز پارٹی نے آگے جا کر اسی ملک میں سیاست کرنی ہے۔‘
’میں امید کرتا ہوں کہ محترمہ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف نے جو چارٹر آف ڈیموکریسی کیا تھا اس کے تحت سیاست کو آگے لے کر جائیں گے۔ اگر یہ نہیں ہوتا تو سیاسی مخالفت ضرور ہو گی، لیکن ذاتی مخالفت نہیں ہو گی۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کے ساتھ اچھا تعلق رہا ہے، حکومت میں رہتے ہوئے ہمارا کسی پالیسی پر اختلاف ہو یا کوئی مختلف نقطہ نظر ہو تو وہ ہمارا حق ہے اور ہم اسے مناسب فورم پر اٹھاتے رہیں گے۔‘
’اگر ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی ایسا ایشو ہے جو ہمیں عوام میں بھی اٹھانا چاہیے تو ہم اٹھائیں گے۔ ہمارا کوئی سیاسی اختلاف نہیں ہے اور آگے جا کر بھی کوئی سنگین سیاسی اختلاف نظر نہیں آ رہا ہے، لیکن پالیسی پر اختلاف ہو سکتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا ہو گا۔ ہم متحد ہو کر کراچی کی خدمت کریں گے۔ کراچی کا بنیادی مسئلہ پانی ہے جسے حل کرنا ہو گا۔ دھاندلی کے الزام لگانے والوں کو کارکردگی سے جواب دیں گے۔‘
 

شیئر: