Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج کی واپسی کا آغاز، تین پروازیں پاکستان پہنچ گئیں

پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ پاکستانی حجاج کی وطن واپسی کا آغاز آج اتوار سے ہو گیا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی ایئرپورٹ پر حجاج کا استقبال کیا۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق ’پی آئی اے نے بعد از حج آپریشن کا آغاز کر دیا۔ اتوار کو چار پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’پی کے 832 جدہ سے 432 حجاج کولے کر اتوار کو3 بج کر 20 منٹ پر کراچی پہنچی۔‘
’پی کے 760 جدہ سے 323 حجاج کے ہمراہ لاہور پہنچی۔ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ائیرپورٹ انتظامیہ نے استقبال کیا۔‘
 پی کے 762 جدہ سے 392 حجاج کو لے کر اسلام آباد پہنچی، وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹرمحمد طلحہ محمود بھی مسافروں کے ہمراہ جدہ سے پہنچے اور حجاج کا خیرمقدم کیا۔
 پی آئی اے کی چوتھی پرواز پی کے 740 جدہ سے276 حجاج  کے ہمراہ پشاور پہنچ رہی ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ، پی آئی اے کے حکام اور سول ایوی ایشن کا عملہ خیرمقدم کرے گا۔
قبل ازیں وزارت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’اتوار کو جدہ ایئرپورٹ سے پہلی تین حج پروازوں کے ذریعے 693 حجاج وطن واپس پہنچیں گے۔ یہ پروازیں جدہ سے کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد پہنچ رہی ہیں۔‘
بیان کے مطابق جدہ سے حج فلائٹ آپریشن 20 جولائی تک جاری رہے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’38 ہزار حجاج  کو مکہ سے مدینہ منورہ بھجوایا جا رہا ہے، حجاج کی مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ روانگی کا آغاز پانچ جولائی سے ہو گا۔‘
بیان کے مطابق مدینہ منورہ سے آخری حج پرواز 2 اگست کو وطن واپس پہنچے گی۔
 خیال رہے کہ پاکستان سے حج پروازوں کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا۔
جبکہ دسری جانب مناسک حج کے اختتام پر منیٰ کی عارضی بستی ویران ہو گئی ہے۔ حجاج اب اپنے وطن واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔
حجاج کے چہروں پر فریضہ حج کی ادائیگی پر خوشی کے ساتھ مکہ مکرمہ کوالوداع کہنے پر اداسی کے آثار بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
 حج 2023 کامیابی سے مکمل ہونے پر حجاج کی اپنے وطن واپسی کا پروگرام شروع ہوگیا ہے جس کے تحت لاکھوں حجاج کی مرحلہ وار واپسی ہوگی۔ 
وہ حجاج جن کی آمد جدہ کے حج ٹرمنل پرہوئی تھی ان کی روانگی مدینہ منورہ کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے ہوگی جبکہ قبل از حج براہ راست مدینہ منورہ آنے والے حجاج کی واپسی جدہ حج ٹرمنل کے ذریعے کی جائے گی۔
 مدینہ منورہ اور جدہ کے علاوہ طائف ایئرپورٹ پر بھی حج کاؤنٹرز کھول دیے گئے ہیں جہاں سے مرحلہ وار حجاج کی واپسی عمل میں لائی جائے گی۔  

شیئر: