’پب جی‘ پر دوستی، چار بچوں سمیت انڈیا جانے والی پاکستانی خاتون گرفتار
پولیس کے مطابق خاتون مبینہ طور پر نیپال کے راستے سے انڈیا میں داخل ہوئی (فوٹو: گیم ویلی)
مشہور ویڈیو گیم ’پب جی‘ کے ذریعے انڈین شہری سے دوستی کر کے انڈیا جانے والی پاکستانی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق انڈیا کے شہر گریٹر نوئیڈا میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی خاتون اور اُس کے چار بچوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حکام نے پیر کے روز بتایا کہ پاکستانی خاتون اور اُس کے چار بچے گریٹر نوئیڈا میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ انہیں ایک مقامی شخص کی جانب سے مبینہ طور پر پناہ دی گئی تھی جس سے اُس پاکستانی خاتون کی آن لائن ویڈیو گیم پب جی کے ذریعے ملاقات ہوئی تھی۔
پولیس نے پاکستانی خاتون کو پناہ دینے والے مقامی شخص کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
گریٹر نوئیڈا کے ڈپٹی پولیس کمشنر سعد میا خان نے بتایا کہ ’پاکستانی خاتون اور مقامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ خاتون کے چار بچے بھی پولیس کے پاس ہیں۔‘
پاکستانی خاتون جس کی عمر 20 سے 30 کے سال کے درمیان ہے، اُس کی انڈین شہری سے پب جی گیم کے ذریعے دوستی ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر کہتے ہیں کہ ’دونوں ملزمان سے ابھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ بقیہ تفصیلات تفتیش کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔‘
مقامی پولیس کے اہلکار کے مطابق خاتون مبینہ طور پر نیپال کے راستے سے اپنے بچوں کے ساتھ ریاست اتر پردیش میں داخل ہوئی اور پھر وہاں سے بس کے ذریعے گریٹر نوئیڈا پہنچی۔
اہلکار کا مزید کہنا ہے کہ ’خاتون اور اُس کے بچے نوئیڈا میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے جو کہ اس مقامی شخص کا تھا۔ وہ شخص گریٹر نوئیڈا کے علاقے ربو پورا میں رہتا ہے۔‘