Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ملاوٹی سونا فروخت کرنے پر 24 ماہ قید اور چار لاکھ ریال جرمانہ 

وزارت کی ٹیمیں گولڈ مارکیٹوں میں تفتیشی کارروائیاں کر رہی ہیں ( فائل فوٹو: روئٹرز)
سعودی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ’ملاوٹی سونا فروخت کرنے کی سزا 24 ماہ قید اور چار لاکھ ریال جرمانہ ہے‘۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ ’وزارت کی ٹیمیں گولڈ مارکیٹوں پر مسلسل تفتیشی کارروائیاں کر رہی ہیں‘۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’کوشش ہے قیمتی پتھروں، سونے اور معدنیات میں کسی طرح کی کوئی ملاوٹ نہ ہو۔ وزن کے سلسلے میں کمی کا فوری نوٹس لیا جائے اور بغیر پرمٹ یا زائد المیعاد لائسنس والے شورومز کے خلاف کارروائی کی جائے‘۔
’تفتیشی ٹیمیں اس بات کو بھی یقینی بنا رہی ہیں کہ سونے کے دکاندار زیورات فروخت کرتے وقت بل جاری کریں۔ سونے کے معیار اور قیراط کے سلسلے میں کسی طرح کا کوئی دھوکہ نہ کریں‘۔ 
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ’تفتیشی انسپکٹرز شورومز سے نمونے حاصل کرکے چیک کرتے ہیں۔ ملاوٹ یا کمی ثابت ہونے پر مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے‘۔ 
سونے کے ایک بڑے تاجر صلاح العماری نے کہا کہ ’حج  سیزن کے دوران سونے کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ حجاج نے سونے کے زیورات تحائف یا ذاتی استعمال کےلیے خریدے‘۔ 
انہوں نے بتایا کہ ’21 قیراط سونے کے زیورات زیادہ مقبول رہے۔ حجاج سونے کی چین، انگوٹھیاں اور کڑے خرید رہے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ میں سونے کے حوالے سے حجاج پانچ سے آٹھ لاکھ ریال  تک کی خریداری کرسکتے ہیں‘۔ 

شیئر: