Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اینڈواسکوپی کے ذریعے مریض کے گلے میں پھنسی چابی نکال لی گئی

مریض کو سانس لینے میں انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا(فوٹو، ٹوئٹر)
قنفذہ کمشنری میں طبی ٹیم نے اینڈواسکوپی کے ذریعے ایک  شخص کے گلے میں پھنسی گاڑی کی چابی کامیابی سے نکال لی۔
سبق نیوز کے مطابق ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹرکا کہنا ہے کہ شعبہ ایمرجنسی میں ایک 49 سالہ شخص کو لایا گیا جسے سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ مذکورہ شخص دل کا مریض بھی تھا۔
ہسپتال کے ہنگامی طبی امداد کے شعبے میں موجود ڈاکٹروں نے مریض کا فوری طورپرایکسرے کیا جس سے معلوم ہوا کہ اس کی سانس کی نالی میں گاڑی کی چابی پھنسی ہوئی ہے جس کی وجہ سے اسے سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
ڈاکٹروں نے فوری طورپراینڈواسکوپی کے ذریعے چابی کونکالنے کے لیے متعلقہ شعبے کو ہدایات جاری کردیں۔ مریض کو اپریشن روم میں منتقل کرکے سانس کی نالی میں پھنسی چابی کونکال لیا گیا جس سے اس کا نظام تنفس بحال ہوگیا۔
طبی کمیٹی کے نگران نے بتایا کہ اینڈواسکوپی کی ٹیم نے 15 منٹ کی جد و جہد کے بعد مریض کے حلق میں پھنسی چابی کونکال لیا۔ مذکورہ شخص چابی سے کھیل رہا تھا کہ چابی اچانک اس کے حلق میں پھنس گئی جس پراسے فوری طورپرہسپتال لایا گیا۔

شیئر: