Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں ڈاکٹروں نے بچے کے حلق سے دھاتی نٹ نکال لیا

بچے کی حالت بہتر ہونے کے بعد اسے ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔ (فوٹو سبق)
طائف میں کنگ عبدالعزیز سپیشلسٹ ہسپتال کے ڈاکٹروں نے دھاتی نٹ نگلنے والے دو سالہ بچے کی زندگی بچالی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ صحت طائف کا کہنا ہے کہ دو سالہ بچہ بہت بری حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا وہ مسلسل قے کررہا تھا۔ کھانے پینے سے قاصر تھا۔ گردن میں شدید درد میں مبتلا تھا۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بچے کی صحت صورتحال اور ایکسرے کرانے  کے بعد پتہ چلا کہ بچہ کوئی ایسی چیز نگلے ہوئے ہے جس کی شکل دھاتی نٹ جیسی ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ والدین کو  اس حوالے سے پتہ ہی نہیں تھا کہ ان کا بچے تکلیف میں کیوں مبتلا ہے اور بچے نے یہ نٹ کب نگلا ۔
کنگ عبدالعزیز سپیشلسٹ ہسپتال  طائف نے میڈیکل ٹیم طلب کی۔ ڈاکٹر مھند فایز الذیب اور ڈاکٹر لطفی عبدالصمد نے میڈیکل ٹیم کی قیادت کی۔ ڈاکٹر آلا الھذلی نے دھاتی نٹ نکالنے کے لیے بچے کو اینستھیسیا دیا جس کے بعد اسے آپریشن روم لے جایا گیا جہاں سپیشل آلے کی مدد سے اس کے حلق سے دھاتی نٹ نکال لیا گیا۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اب بچے کی حالت بہتر ہے اور اسے ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔
 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: