Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی کے فن تعمیر کی نمائش، تمام توسیعی مراحل نمایاں

نمائش یہاں آنے والوں کے لیے مسجد نبوی سے مذہبی اور تاریخی تعلق کو مضبوط کرتی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ میں ’مسجد نبوی کے فن تعمیر کی نمائش‘ مسجد کی تاریخ، توسیع کے مراحل ابتدائی تعمیر سے لے کر آج تک ہونے والی تعمیرات کی تفصیلات جاننے کے لیے ایک ثقافتی مقام ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نمائش میں مسجد نبوی ﷺ کا ابتدائی نقشہ اور اس کی طرز تعمیر سے لے کر عصرِ حاضر تک کے تمام مراحل کو مجسم شکل دی گئی ہے۔
نمائش کے انتظامات اور دیگر امور کی ذمہ داری ادارۂ امور حرمین کی ہے۔ ادارے کی جانب سے مسجد نبوی کی عمارت کے حوالے سے تاریخی معلومات، قدیم دستاویزات اور مخطوطات کی نمائش کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
مسجد نبوی کے جنوب میں اور 2200 مربع میٹر رقبے پر اس نمائش کو مختلف حصوں اور انٹرایکٹیو ڈسپلے میں تقسیم کیا گیا ہے جو مسجد کی تعمیر کی ابتدا کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہیں۔

نبی اکرم ﷺ کے عہد میں مسجد نبوی کا مجسم ماڈل، خلفائے الراشدین کےعہد میں ہونے والی توسیع سے لے کر سعودی دور کی تمام توسیعی مراحل کو نمایاں کیا گیا ہے۔
نمائش میں مسجد کی تاریخ، منفرد تعمیراتی خصوصیات اور وقت کے ساتھ دیکھ بھال کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔

نمائش میں مسجد نبوی کی نایاب اور تاریخی تصاویر، دستاویزات اس کے علاوہ قدیم منبر و محراب، مینار اور دیگر قدیم اشیا بھی موجود ہیں۔
یہ نمائش یہاں آنے والوں کے مسجد نبوی سے مذہبی اور تاریخی تعلق کو مضبوط کرتی ہے۔

 

شیئر: