نجی گاڑی کا ٹیکسی کے طور پر استعمال، غیرملکی کو 12 ہزار ریال جرمانہ اور بے دخلی کی سزا
پرمٹ کے بغیر نجی گاڑی کو ٹیکسی کے طور پراستعمال کرنا خلاف ورزی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے ایک غیرملکی کو ضوابط کی خلاف وزی پر 12 ہزار ریال جرمانہ اور مملکت سے بے دخلی کی سزا سنائی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق غیرملکی پر پرمٹ کے بغیر نجی گاڑی کو ٹیکسی کے طور پر استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کا الزام ہے۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کہنا تھا ’مسافروں کی سلامتی اور بہتر سفری خدمات کو یقینی بنانے کےلیے ضوابط مقرر کیے گئے ہیں جن میں پرمٹ کے بغیر نجی گاڑی کو ٹیکسی کے طور پراستعمال کرنا شامل ہے۔‘
واضح رہے ٹرانسپورٹ کے حوالے سے شاہی فرمان کی شق 118/ایم میں واضح کیا گیا کہ بری ٹرانسپورٹیشن کے لیے لائسنس کا حصول لازمی ہے۔ بغیرلائسنس کے عوامی ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنا خلاف قانون امر ہے۔
غیرقانونی طور پر ٹیکسی سروس (الکدادہ) فراہم کرنے پر 12 ہزار ریال جرمانہ، گاڑی کی ضبطی اور غیرملکی ہونے کی صورت میں ملک بدری کی سزا مقرر ہے۔
