سنہری ریت اور نیلا آسمان، نجران کا صحرائے ربع الخالی ایک قدرتی شاہکار
نجران ریجن کا صحرائے ربع الخالی کا علاقہ اپنی سنہری ریت اور نیلے آسمان کی وجہ سے قدرت کا شاہکار ہے جو موسم سرما میں فطرت کے نظاروں کے شوقین افراد کو اپنی طرف راغب کرتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی اس علاقے کی دلکشی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
صحرائے ربع الخالی میں مختلف اشکال میں تراشے گئے ریتیلے ٹیلے قدرت کے حیرت انگیز مظاہر میں شمار ہوتے ہیں، اور یہ دیکھنے والوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔
ریتیلے ٹیلوں کی بلندی ایک سے دس میٹر تک ہے اور یہ زردی مائل اور نارنجی رنگ دکھاتے ہوئے منفرد نظارہ پیش کرتے ہیں۔

اس علاقے کا امتیاز یہ ہے کہ یہاں متنوع اقسام کے حیوانات اور نباتات بکثرت پائے جاتے ہیں جو یہاں کے سخت و منفرد ماحول میں حیاتیاتی تنوع کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
شرورہ کمشنری جو ربع الخالی صحرا کے قریب ہی ہے، یہ علاقہ موسم سرما میں سیاحت کے حوالے سے انتہائی اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔
اس دوران یہاں مختلف قسم کے فیسٹیول اور سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں جن میں شرورہ ونٹر فیسٹیول شامل ہے جہاں وزٹرز کے لیے مختلف قسم کی سرگرمیاں ہیں۔

شرورہ ونٹرفیسٹیول میں گھڑریس، اونٹ ریس، صحرائی گاڑیوں کی ریلی، روایتی مارکیٹوں کے علاوہ علاقائی دستکاری کی مصنوعات کی نمائش بھی منعقد کی جاتی ہے۔
ٹورسٹ گائیڈ محمد آل مستنیر کا کہنا تھا کہ ’صحرائے ربع الخالی کا علاقہ سیاحت کے حوالے سے انتہائی منفرد و متنوع ہے۔‘
’یہاں کے ریتیلے میدانوں کا ثانی نہیں جن میں ’ام الحیش‘ اور سٹار کے علاقے شامل ہیں جبکہ عروق بنی معارض ریزرو بھی قابل ذکر ہیں۔ یہ سب سے بڑا قدرتی ریزرو ہے جو نقل مکانی کرکے آنے والے پرندوں اور جانوروں کے لیے مثالی مقام کی حثیت رکھتا ہے۔‘
ٹورسٹ گائیڈ کا مزید کہنا تھا کہ ’موسم سرما میں صحرا کی راتیں انتہائی منفرد ماحول فراہم کرتی ہیں جن سے وزیٹرز لطف اندوز ہوتے ہیں۔‘
