جناح ہاؤس اور جلاؤ گھیراؤ کے پانچ مقدمات، ’پولیس تفتیش میں عمران خان قصور وار‘
9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کا عمران خان کو بھی قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پولیس کے سپیشل پراسیکیوٹر نے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کو بتایا ہے کہ جناح ہاؤس سمیت جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے پانچ مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے تفتیش مکمل کر لی گئی ہے۔
جمعے کو عمران خان کی پانچ مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع کی درخواست پر سماعت کے دوران سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی تفتیش مکمل کر لی ہے اور وہ قصور وار پائے گئے ہیں۔
ڈیوٹی جج نے عمران خان کی عبوری ضمانتوں میں 8 اگست تک توسیع کر دی ہے۔
عدالت نے وکلاء کو دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف لاہور کے تھانہ سرور روڈ، گلبرگ، شادمان سمیت دیگر پولیس سٹیشنز میں مقدمات درج ہیں۔
نگراں وزیر اعلٰی محسن نقوی نے کہا تھا کہ لاہور میں نو مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے واقعات کے 138 مقدمات درج کیے گئے تھے جن میں 500 سے زائد خواتین بھی مطلوب تھیں۔
جبکہ وزیر داخلہ رانا ثناللہ کے مطابق مجموعی طور پر 499 مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ انسداد دہشت گردی کے ایکٹ کے تحت تین ہزار 944 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد ملک کے کئی شہروں میں پُرتشدد مظاہروں کے دوران سرکاری و نجی املاک کو نذرِ آتش کیا گیا تھا۔
نذرِآتش کی گئی املاک میں لاہور کا جناح ہاؤس (کور کمانڈر کا گھر)، پشاور کے ریڈیو پاکستان کی عمارت اور راولپنڈی میں میٹرو بس کے دو سٹیشن شامل ہیں۔