Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الراجحی کی جی 20 وزارتی اجلاس میں شرکت، کوریا کیساتھ معاہدہ

کوریا کے ساتھ تجربات کے تبادلے اور تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ( فوٹو: اخبار 24)
انڈیا کے شہر اندور میں جی 20 کے وزرائے محنت و روزگار کے اجلاس میں سعودی عرب کی نمائندگی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں جی 20  کے علاوہ سول سوسائٹیز کے نمائندے، بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کے سربراہ اور مہمان ملکوں کے وفود شریک ہیں۔ 
احمد الراجحی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ’ سعودی عرب انڈیا کی پیش کردہ ان ترجیحات کی حمایت کرتا ہے جو اس نے جی 20 کے سربراہ کی حیثیت سے اہم اور بڑے مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے دی ہیں‘۔ 

 افرادی قوت کے فروغ، کارکنان کے سماجی تحفظ  کے حوالے سے موقف پیش کیا(فوٹو اخبار 24)

انڈیا نے سماجی کفالت کے لیے پائیدار فنڈنگ، سماجی تحفظ اور مشترکہ اکنامک پورٹلز، آزاد معیشت اور مہارتوں میں بین الاقوامی خلیج کے حل پر زور دیا ہے۔ 
سعودی وزیر افرادی قوت نے افرادی قوت کے فروغ،  کارکنان کے جامع سماجی تحفظ اور مہارتوں سے تعلق رکھنے والے امور کے سلسلے میں سعودی عرب کا موقف پیش کیا۔ 
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب اس حوالے سے متعدد اقدامات کرچکا ہے۔ کئی پروگرام بھی شروع کیے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں سے بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھایا جائے اور سب کے لیے سماجی کفالت کی سکیموں تک رسائی کو آسان بنایا جائے‘۔ 
احمد الراجحی نے آئندہ برس گروپ کی قیادت کے حوالے سے برازیل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

سعودی عرب اور  کوریا کے وزرا نے اسٹراٹیجک تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا (فوٹو: اخبار24)

سعودی وفد میں سیکریٹری ٹریننگ ڈاکٹر احمد الزھرانی، معاون سیکریٹری سعوائزیشن انجینیئر مھند العیسی، انٹرنیشنل  سٹیڈیز اور معاہدوں کے ڈائریکٹر مرام الدحام  اور وزارت  میں بین الاقوامی امور کے متعدد ماہرین شامل ہیں۔ 
علاوہ ازیں سعودی وزیر افرادی قوت انجینیئر احمد الراجحی نے جنوبی کوریا کے ہم منصب کے ساتھ لیبر اور روزگار سے متعلق مختلف شعبوں میں تجربات کے تبادلے اور تعاون کی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
انڈیا کے شہر اندور مں جی 20 وزارتی اجلاس کے دوران ملاقات میں سعودی عرب اور جنوبی کوریا کے وزرا نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اسٹراٹیجک تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

شیئر: