ریاض..... سعودی مجلس شوریٰ نے وزارت حج و عمرہ سے کہا ہے کہ وہ حج اورعمرہ ادارے چلانے والی کمپنیاں قائم کرائے ۔ حج خدمات کا اہتمام کرنے والے ادارے شروع کرے۔یہ مطالبہ منگل کوصدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔ معاون صدر شیخ ڈاکٹر یحییٰ الصمعان نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ حج و آباد کاری و خدمات کمیٹی کا نقطہ نظر سننے کے بعد کیا گیا۔شوریٰ نے وزارت حج و عمرہ سے کہا کہ وہ میقاتوں ، بری ، بحری اور فضائی راستوں اور حج سٹیز میں حجاج و معتمرین کو پیش کی جانے والی خدمات کا معیار بہتر بنوائے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے ربط و ضبط پیدا کرے۔ شوریٰ نے وزارت حج و عمرہ سے کہا کہ وہ منیٰ ، عرفات و مزدلفہ میں بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پراستوار کرنے کیلئے مجلس الوزراءکے فیصلے کے مطابق مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے ربط و ضبط پیدا کرے۔فیلڈ سروس پیش کرنے والا عملہ تیار کیا جائے ۔ دریں اثناءگورنر مکہ مکرمہ و سربراہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی شہزادہ خالد الفیصل نے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد بنتن کی موجودگی میں مشاعر مقدسہ کے لئے ہنگامی منصوبے نافذ کرنے کیلئے7 معاہدوں پر دستخط کئے۔تفصیلات کے مطابق بسوں کے راستے سے پیدل چلنے والوں کے راستے کو الگ کرنے کیلئے ایک پل قائم کیا جائیگا۔ طہارت خانے تعمیر ہونگے۔ مسافر اسٹیشن اور گیٹ بنائے جائیں گے۔ نکاسی آب کے نالے کو ڈھکا جائیگا۔ چٹانوں کو گرنے سے روکنے کا انتظام ہوگا۔ کنگ فیصل پل کے مشرق میں ترک حجاج کے لئے شٹل سروس کے راستے کا ایک حصہ تعمیر کیا جائیگا۔ مزدلفہ میں ترک اور یورپی حجاج والے علاقے کو بہتر بنایا جائیگا۔ غیر عرب افریقی اور ایرانی حاجیوں کے لئے شٹل سروس روڈ میں ترمیم کی جائیگی۔ اسی طرح کے دیگر منصوبے روبعمل لائے جائیں گے۔