سری لنکا کی خاتون شیف نے سعودی عرب سے وطن واپسی پر اپنے گھر کے ایک حصے کو عرب گیسٹ ہاؤس بنا دیا جو سری لنکا میں سعودی سیاحوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔
العربیہ ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے خاتون شیف شیریں نے بتایا کہ ’سات سال سعودی عرب میں گزارے۔ اب عرب سیاحوں کو سعودی پکوان الکبسہ، المقلوبہ، بریانی اور قہوہ پیش کر رہی ہوں۔‘
شیریں نے بتایا کہ ’گیسٹ ہاؤس میں سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک سے آنے والے مہمانوں کا خیرمقدم عربی قہوہ پیش کر کے کیا جاتا ہے جس کے بعد سعودی پکوان تیار ہوتے ہیں۔‘
سری لنکن شیف کا کہنا ہے کہ ’جو سعودی سیاح یہاں آتے ہیں۔ ہماری سروس اور پکوانوں کی تعریف کیے بنا نہیں رہ پاتے اور مہمانوں کی بک میں اپنے تاثرات درج کرتے ہیں۔‘
سری لنکن خاتون نے بتایا کہ ’انہوں نے سعودی عرب، عمان، اردن، قطر اور فلسطین سمیت عرب ممالک سے آنے والے سیاحوں کے تاثرات درج کرنے کا بھی اہتمام کیا ہے۔ مہمانوں کی طرف سے ملنے والے تحائف بھی سنبھال کر رکھے ہیں۔‘
خاتون شیف کے مطابق ’گیسٹ ہاؤس کے ایک کمرے میں عربی فرشی نشست کا اہتمام ہے جہاں سیاح بالکو نی سے کھیتوں کا نظارہ کر سکتے ہیں۔‘