Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میڈیکل انشورنس جوازات کے سسٹم سے لنک نہیں، اقامہ تجدید ہوگا؟

تاخیر پر پہلی مرتبہ 500  اور دوسری مرتبہ 1000 ریال جرمانہ ہے (فوٹو: ٹوئٹر) 
سعودی عرب میں گزشتہ برس سے امیگریشن قوانین میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کا مقصد شہریوں اور غیر ملکیوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ 
امیگریشن قوانین میں تبدیلیوں سے قبل تارکین کے وہ اہل خانہ جو خروج وعودہ پرجاتے تھے انہیں خروج وعودہ کی مدت ختم ہونے سے قبل لازمی طور پرمملکت آنا ہوتا تھا جس کے بعد ہی ان کا اقامہ تجدید کیاجاتا تھا۔ 
 اہلیہ کے اقامے کی تجدید کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹر پر دریافت کیا ’ اہلیہ کے اقامے کی تجدید کےلیے میڈیکل انشورنس کرائی تھی مگر وہ جوازات کے سسٹم سے لنک نہیں ہوئی جس کی وجہ سے میرا اقامہ بھی تجدید نہیں ہوا، تاخیر پرجرمانہ ہوگا ؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’اقامہ کی تجدید میں تین دن سے زیادہ تاخیر ہونے پر پہلی مرتبہ 500  ریال اور دوسری مرتبہ1000 ریال جرمانہ ہے’۔ 
واضح رہے سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے نظام کے مطابق مملکت میں رہنے والے غیرملکی کارکنوں کے اقاموں کی تجدید کےلیے لازمی ہے کہ کارکن اوران کے اہل خانہ کی میڈیکل انشورنس ایسی کمپنی سے کرائی جائے جو جوازات کے سسٹم سے مربوط ہوں۔ 
غیرمعیاری یا ایسی کمپنی جوجوازات کے سسٹم سے منسلک نہیں ہوگی وہاں سے میڈیکل پالیسی حاصل نہ کی جائے۔بنیادی ضرورت اقامہ کی تجدید ہے۔ اگراقامہ بروقت تجدید نہیں ہوتا اس صورت میں جرمانہ عائد کردیاجاتا ہے۔ 
وزارت صحت اورجوازات کے سسٹم کو ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھنے کےلیے جوڑا گیا ہے تاکہ فرضی میڈیکل انشورنس سے لوگوں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
قانون کے مطابق غیرملکی کارکن اوران کے اہل خانہ جو قانونی طورپرمملکت میں مقیم ہیں کا میڈیکل انشورنس کرانا آجر کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ 

انشورنس کمپنی کا جوازات کے سسٹم سے بھی مربوط  ہونا ضروری ہے( فوٹو: ایس پی اے)

اقامہ کی تجدید کو میڈیکل انشورنس پالیسی سے منسلک کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ وہ اقامہ ہولڈرز کو بروقت اورمعیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کویقینی بنایا جاسکے۔ 
میڈیکل انشورنس پالیسی حاصل کرنے سے قبل اس امر کی یقین دہانی کرنا ضروری ہے کہ جس کمپنی کی پالیسی حاصل کی جارہی ہے وہ سعودی مرکزی بینک کے متعلقہ شعبے سے منظورشدہ اور لائسنس یافتہ ہو۔ 
 اس امر کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے کہ انشورنس کمپنی جوازات کے سسٹم سے بھی مربوط ہوتاکہ پالیسی خریدنے کے فوری بعد انشورنس کمپنی پالیسی کو جوازات کے سسٹم میں اپ ڈیٹ کردے جس کے بعد اقامہ کی تجدید کرائی جاسکتی ہے۔ 

شیئر: