Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں زائرین کی خدمت کی تاریخ پر فلاحی ادارے کی نمائش

کئی بڑے منصوبوں کے باعث حرمین شریفین میں گنجائش بڑھی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں آنے والے زائرین کی خدمت کی درخشاں تاریخ کو سراہنے کے لیے مکہ میں ایک نمائش کا آغاز ہوا ہے۔
نمائش کا انتظام ’ھدیہ چیریٹی ایسوسی ایشن‘ نے کیا ہے جو ان منصوبوں کو بھی یکجا کر کے لوگوں کے سامنے لا رہی ہے جن کا مقصد اُن خدمات کو مزید بہتر بنانا ہے جو مملکت کی طرف سے زائرین کو فراہم کی جاتی ہیں۔
منتظمین کا کہنا ہے سعودی عرب میں حج اور عمرہ زائرین کی خدمات کی وسیع کوششوں کی تاریخ  کنگ عبدالعزیز کے عہد سے شروع ہو کر شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے زمانے تک جاری ہے۔
حاتم المرزوقی نے جو ھدیہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرپرسن ہیں، بتایا کہ یہ نمائش اس فخر کو ظاہر کرتی ہے جو ایسوسی ایشن میں عرصۂ دراز سے مملکت کی حرمین شریفین کی خدمت اور زائرین کا خیال رکھنے کے لیے خود کو وقف کر دینے کی وجہ سے بیدار ہوا ہے۔
حالیہ برسوں میں کے کئی بڑے منصوبوں کے باعث حرمین شریفین میں گنجائش بڑھی ہے۔ زائرین کے لیے نئے انتظام کیے گئے ہیں اور کھانے پینے کی سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ ہر سال زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو بہتر انداز سے خدمات مہیا کی جا سکیں۔

زائرین کی خدمات کی کوششوں کی تاریخ  کنگ عبدالعزیز کے عہد سے ہے (فوٹو: ایس پی اے)

اُن زائرین کو اب اعلٰی درجے کی سہولتیں بھی میسر ہیں جنھیں زیادہ آرام درکار ہو یا جنھیں اپنی حفاظت کا زیادہ خیال ہو۔ حرمین شریفین تک رسائی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامات میں خصوصی خیمے، عمدہ کھانے، ذاتی کِٹس اور 24 گھنٹے علاج معالجے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حرمین میں باقاعدگی سے نئی خدمات بھی متعارف کرائی جاتی ہیں۔ اس سال اگست میں وزارتِ حج اور عمرہ نے ’ڈیجیٹل نسک عمرہ‘ کی سروس شروع کی جس کے تحت مملکت سے باہر رہنے والے زائرین عمرے کے ویزے کے لیے براہِ راست درخواست دے سکتے ہیں اور بیچ کے افراد کے بغیر آن لائن بکنگ بھی کر سکتے ہیں۔

 وزارتِ حج نے ’ڈیجیٹل نسک عمرہ‘ کی سروس شروع کی (فوٹو: ایس پی اے)

حاتم المرزوقی نے سعودی قیادت کی طرف سے ملنے والے انتہائی اہم تعاون کا خصوصی ذکر کیا جو غیر نفع بخش شعبے کو فراہم کیا جاتا ہے۔
ان کے بقول اس تعاون کی وجہ سے تنظیمیں آسانی سے اپنے مشن کی تکمیل اور معاشرے کی بہتری کے لیے کردار ادا کر سکتی ہیں۔
یہ نمائش حکومتی اداروں کے نمائندوں، سول تنظیموں، نجی شعبے اور حج اورعمرے کے شعبے کے ماہرین کے لیے کھلی ہے۔ خواہشمند خود کو رجسٹر کر سکتے ہیں اور ھدایہ کے کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے شرکت کا انتظام کر سکتے ہیں۔

 

شیئر: