Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دلہن کی عمر 25 برس سے کم ہونے کی صورت میں جوڑے کو نقد انعام ملے گا

چینی حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں 68 لاکھ شادیاں ہوئی ہیں۔ (فوٹو: فری پک)
چین میں جلدی شادی کرنے اور بچے پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے جوڑے کو نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کے ایک گاؤں میں اعلان کیا گیا ہے کہ اگر دلہن کی عمر 25 برس سے کم ہوئی تو جوڑے کو ایک ہزار چینی یوآن انعام میں دیے جائیں گے۔
اس نقد انعام کا اعلان نوجوانوں کو شادی کی جانب راغب کرنے اور پیدائش کی شرح کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
 
اس بات کا اعلان شان شین کاؤنٹی نے سوشل میڈیا ایپ وی چیٹ پر کیا۔
چینی حکام کو 60 برسوں بعد پہلی مرتبہ آبادی کے کم ہونے پر تشویش ہو رہی ہے، جس کے بعد اُن کی جانب سے شرح پیدائش کو بڑھانے پر انعامات دینے اور بچوں کی فلاح وبہبود کی سہولیات کو بہتر کرنے کے پروگراموں کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔
 

چینی نوجوانوں میں شادی کا رحجان کم ہو رہا ہے جس کے باعث بچوں کی پیدائش کی شرح بھی کم ہو رہی ہے (فائل فوٹو: پکسابے)

چین میں مَردوں کی شادی کرنے کی عمر کی قانونی حد 22 برس جبکہ خواتین کی عمر کی قانونی حد 20 برس ہے، تاہم چینی نوجوانوں میں شادی کرنے کا رحجان تیزی سے کم ہو رہا ہے جس کے باعث بچوں کی پیدائش کی شرح بھی کم ہو رہی ہے۔
چینی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق 2022 میں 68 لاکھ شادیاں ہوئیں جو کہ سنہ 1986 کے بعد شادیوں کی سب سے کم شرح ہے۔
چین کا شمار کم ترین شرح پیدائش والے ممالک میں ہوتا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق 2022 میں چین میں شرح پیدائش صرف 1.09 رہی ہے جو کہ ریکارڈ کم ترین شرح ہے۔

شیئر: