Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرا یار بنا ہے دُولہا اور پھول کھلے ہیں دل کے‘، مسک نے انڈیا میں شادی کر لی؟

ایک تصویر میں ایلون مسک دولہا بنے گھوڑے پر بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام، رولنگ کینوس)
دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک کی ایسی تصویریں سامنے آئی ہیں جن میں وہ دولہا بنے مسکرا رہے ہیں اور لگ رہا ہے کہ جیسے انہوں نے کسی مشرقی ملک خصوصاً پاکستان یا انڈیا میں شادی کر لی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک فوٹوگرافر کے اکاؤنٹ سے شیئر ہونے والی تصویروں پر غور کیا جائے تو ایلون مسک ایک میں شیروانی پہنے اور گلے میں مفلر لٹکائے مسکراتے دکھائی دے رہے ہیں تو دوسری میں روایتی دولہے کی طرح گھوڑے پر سوار ہیں۔
ایک میں وہ بارات کے لیے تیاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ایک میں چشمہ لگائے اور ہاتھ پھیلائے ایسے دکھائی دے رہے ہیں جیسے مہمانوں کا استقبال کرنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہوں جبکہ ایک جگہ روایتی انداز میں رقص کرتے ہوئے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
ان تصویروں کی خاص بات یہ ہے کہ پس منظر میں نظر آنے والے لوگ بھی خالص مشرقی یعنی پاکستان یا انڈیا کے لگ رہے ہیں۔
ان تصاویر کے سامنے آنے کی دیر تھی کہ ایک دفعہ تو انٹرنیٹ صارفین بھی حیران رہ گئے۔

ویسے تو تصویریں بالکل اصلی لگ رہی ہیں تاہم حقیقت اس سے کچھ مختلف مگر خاصی دلچسپ ہے۔
فوٹوگرافر نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ’جب میرے خیالوں میں ایلون مسک کی انڈین شادی ہوئی۔‘
فوٹوگرافر نے مزید لکھا کہ ایک وقت تھا جب ہم اپنے خیالات کو کاغذ پر پینٹ کیا کرتے تھے اور اب کمپیوٹر یا مصنوعی ذہانت کے ذریعے ان کو حقیقت کا روپ دیتے ہیں۔

فوٹوگرافر کی اس پوسٹ معلوم ہوتا ہے کہ ایلون مسک نے نہ تو شادی کی ہے اور نہ یہ تصاویر کسی مشرقی ملک کی ہیں بلکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے تخلیق کی گئی ہیں۔
فوٹوگرافر نے مزید لکھا ’ہمیں خوشی ہے کہ ایسے وقت میں جی رہے ہیں اور ممکنہ تبدیلیوں کا حصہ بن رہے ہیں۔ پتہ نہیں یہ اچھا ہے یا بُرا، مگر یہ ہو رہا ہے۔‘

آخر میں انہوں نے لکھا ’دنیا بدل رہی ہے اور بہت تیزی سے۔‘
صارفین نے تصاویر بنانے والے کو سراہا ہے اور ساتھ ہی ایلون مسک کو دولہا کے روپ میں دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’میں تو یہی سمجھا کہ یہ اصلی ہیں۔‘
ایک اور صارف کے مطابق ’مجھے ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ یہ کسی ٹیکنالوجی مدد سے بنائی گئی ہیں۔‘
اسی طرح ایک صارف نے پرانے گانے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’میرا یار بنا ہے دولہا اور پھول کھلے ہیں دل کے۔’

شیئر: