Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیروڈز سٹور کے سابق مالک محمد الفائد انتقال کر گئے

محمد الفائد کو بیٹے ڈوڈی الفائد کی موت کے بعد مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو عرب نیوز
برطانیہ میں ہیروڈز ڈیپارٹمنٹل سٹور کے سابق مالک مصر میں پیدا ہونے والے ارب پتی تاجر محمد الفائد انتقال کر گئے ہیں ان کی عمر94 برس تھی۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق محمد الفائد کی بیوہ، ان کے بچوں اور پوتوں  نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے خاندان کے محترم بزرگ، ان کے والد اور  دادا محمد الفائد بدھ 30 اگست 2023 کو کبر سنی کے باعث وفات پا گئے ہیں۔

محمد الفائد  1929 کو مصر کے شہر سکندریہ میں  پیدا ہوئے تھے۔ فوٹو اے ایف پی

بااثر کاروباری شخصیت محمد الفائد کے بیٹے ڈوڈی الفائد 26 سال قبل لندن پیرس کے درمیان سرنگ میں ہونے والے ہولناک کار حادثے میں برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے ہمراہ ہلاک ہو گئے تھے۔
محمد الفائد کو بیٹے کی موت کے بعد مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے اس حادثے کا ذمہ دار ٹھہرانے کے باعث کئی برس برطانوی سٹیبلشمنٹ سے لڑتے ہوئے گزارے۔
محمد الفائد کے اہل خانہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ الفائد کو یقین تھا کہ ڈوڈی اور ڈیانا کو ملکہ الزبتھ دوم کے شوہر شہزادہ فلپ کی سازش کے تحت قتل کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شاہی خاندان کی جانب سے اس حادثے کا انتظام کیا گیا کیونکہ شاہی خاندان ڈیانا کا کسی مصری سے ملنا پسند نہیں کرتے تھے۔

محمد الفائد نے  کئی برس برطانوی سٹیبلشمنٹ سے لڑتے ہوئے گزارے۔ فائل فوٹو گیٹی امیج

الفائد کا دعویٰ  تھا کہ ڈیانا حاملہ تھیں اور ڈوڈی سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں اور شاہی خاندان شہزادی کی کسی مسلمان سے شادی کرنے کو برداشت نہیں کر سکتا تھا۔
محمد الفائد نے 2008 میں  ہونے والی حادثے کی تفتیش میں کہا تھا کہ مبینہ سازش کرنے والوں کی فہرست میں پرنس فلپ، لندن کے دو سابق پولیس سربراہان اور سی آئی اے شامل ہے۔
کار حادثے  کی انکوائری کے بعد یہ نتیجہ اخذ ہوا تھا کہ ڈیانا اور ڈوڈی کی موت ان کے ڈرائیور کی لاپروائی کی وجہ سے ہوئی ہے۔
برطانیہ اور فرانس میں الگ الگ انکوائری میں بھی یہی نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ اس حادثے کے پیچھے کوئی سازش نہیں تھی۔

انکوائری میں کار حادثہ ڈرائیور کی لاپروائی کا نتیجہ ثابت ہوا۔ فائل فوٹو گیٹی امیج

مصر کے شہر سکندریہ میں 27 جنوری 1929 کو پیدا ہونے والے محمد الفائد ایک سکول انسپکٹر کے بیٹے تھے۔
محمد الفائد  نے اپنی عملی زندگی کے آغاز میں اٹلی اور مشرق وسطیٰ میں شپنگ کے کاروبار میں سرمایہ کاری کی جس کے بعد 1960 کی دہائی میں وہ برطانیہ چلے گئے اور وہاں ایک بڑے کاروبار کی ابتدا کی۔
محمد الفائد  پیرس میں رٹز ہوٹل اور لندن میں فلہم  فٹبال کلب کے علاوہ لگژری ڈپارٹمنٹ سٹور ہیروڈز کے مالک تھے۔
سنڈے ٹائمز کے مطابق برطانیہ میں امیر ترین افراد کی فہرست میں2.1 ارب ڈالر دولت کے ساتھ محمد الفائد کو ملک کے 104ویں امیر ترین شخص کا درجہ دیا گیا۔

شیئر: