Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیڈی ڈیانا کے ’مسٹر ونڈرفل‘ جن کے لیے وہ پاکستان میں رہنے کو تیار تھیں

لیڈی ڈیانا 1997 میں ایک کار حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھیں (فوٹو: گیٹی امیجز)
 نیٹ فلیکس کی مشہور ترین سیریز میں شامل ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں پاکستانی اداکار ہمایوں سعید برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے خفیہ دوست ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کریں گے۔
ڈاکٹر حسنات کا نام لیڈی ڈیانا کی شہزادہ چارلس سے 1996 میں طلاق اور شہزادی کی 1997 میں موت کے بعد بھی متعدد بار منظر عام پر آتا رہا ہے۔
شہزادہ چارلس سے لیڈی ڈیانا کی باضابطہ طور پر طلاق 1996 میں ہوئی تاہم بعض اطلاعات کے مطابق دونوں کے درمیان علیحدگی کئی سال قبل ہو چکی تھی۔
امریکی میگزین ’وینیٹی فیئر‘ کی کنٹروبیوٹنگ ایڈیٹر سارہ ایلیسن 2013 میں ایک مضمون میں لکھتی ہیں کہ لیڈی ڈیانا اور پاکستانی نژاد ڈاکٹر حسنات کے درمیان تعلق 1995 میں شروع ہوا جو 1997 تک جاری رہا۔
برطانوی اخبار ’دا گارڈین‘ کے مطابق لیڈی ڈیانا کی پہلی ملاقات ڈاکٹر حسنات سے 1995 میں رائل برامپٹن ہسپتال میں ہوئی جہاں پاکستانی ڈاکٹر ایک سرجری کے لیے موجود تھے۔
مزید پڑھیں
یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ لیڈی ڈیانا وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کی قریب ترین دوستوں میں سے ایک تھیں اور اسی دوستی کی وجہ سے ان کی دوستی عمران خان سے بھی ہوئی اور لیڈی ڈیانا شوکت خانم میموریل ہسپتال کے فنڈ ریزنگ سے متعلق تقریبات میں بھی حصہ لیتی رہی ہیں۔
سارہ ایلیسن لکھتی ہیں کہ جمائمہ خان نے انہیں بتایا تھا کہ ’ڈیانا حسنات خان سے شادی کرنا چاہتی تھیں، یہاں تک کہ وہ پاکستان میں رہنے کو بھی تیار تھیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ (جمائمہ اور لیڈی ڈیانا) اچھے دوست بن گئے تھے۔‘

لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے درمیان 1996 میں طلاق ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)

سارہ ایلیسن نے جمائمہ کو بتایا کہ آنجہانی برطانوی شہزادی ’دو مرتبہ عمران کے ہسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ میں مدد کے لیے پاکستان تشریف لائیں اور دونوں مرتبہ وہ خفیہ طور پر ڈاکٹر حسنات کے خاندان سے ملنے گئیں۔‘
لیکن اس کہانی میں ایک اور کردار دودی الفاید بھی تھے۔ واضح رہے 1997 میں مصری نژاد دودی الفاید بھی لیڈی ڈیانا کے ساتھ کار حادثے میں ہلاک ہوئے تھے۔
یہی دودی الفاید تھے شاید جن کی وجہ سے ڈاکٹر حسنات اور لیڈی ڈیانا کے درمیان دوریاں آئیں۔

لیڈی ڈیانا عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان کی دوست تھیں اور انہوں نے پاکستان کے دورے بھی کیے (فوٹو: اے ایف پی)

برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کے صحافی رچرڈ کے بھی لیڈی ڈیانا کے قریبی دوستوں میں سے ایک تھے۔ رچرڈ کے مطابق لیڈی ڈیانا کی کار حادثے میں موت کے بعد ڈاکٹر حسنات نے پولیس کو بتایا تھا کہ میرے خیال میں ’یہ (شادی) ایک برا آئیڈیا تھی اور میں نے انہیں کہا کہ دونوں کے لیے نارمل زندگی گزارنے کا ایک طریقہ انہیں یہ نظر آتا ہے کہ وہ پاکستان منتقل ہوجائیں جہاں پریس بھی انہیں تنگ نہیں کرے گا۔‘
ڈاکٹر حسنات پچھلے کئی برسوں سے منظر عام پر نہیں آئے لیکن میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق وہ لیڈی ڈیانا کی موت سے قبل یا بعد میں اپنے والدین کے پاس پاکستان کے صوبہ پنجاب میں جہلم میں رہ رہے تھے اور اس کے بعد ملائیشیا میں کسی ہسپتال کے ڈائریکٹر کی ملازمت حاصل کرکے وہیں منتقل ہو گئے تھے۔

شیئر: