سعودی عرب اور برطانیہ کا تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
سعودی عرب اور برطانیہ کا تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
جمعہ 15 ستمبر 2023 19:27
دونوں ملکوں کے وزرا نے سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے برطانیہ کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر بن الخریف نے سعودی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تجارت نائجل ہڈلسٹن سے ملاقات کے دوران صنعتی اور کان کنی کے شعبوں میں برطانیہ کے ساتھ شراکت داری کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرا نے عمان میں جی سی سی وزرائے تجارت اور صنعت کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
دونوں نے سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے علاوہ تجارت کو بڑھانے اور نان آئل کی برآمدات کو فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا۔
دوسری جانب سعودی معاون وزیر ثقافت، راکان الطوق نے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکریٹری آف سٹیٹ برائے ثقافت، میڈیا اور سپورٹس سٹیفن پارکنسن کے ساتھ ثقافتی ورثہ اور عجائب گھر کے شعبوں میں مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ریاض میں یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کے 45 ویں توسیعی اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں راکان الطوق نے 2027-2023 کے لیے یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کو مملکت کی حمایت پر برطانیہ کا شکریہ ادا کیا۔
فریقین نے سعودی، برطانیہ ثقافتی تعلقات اور ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے لیے فروری 2022 میں دونوں ممالک کے درمیان دستخط کیے گئے ایم او یو کے فریم ورک کے اندر انہیں استوار کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔