Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی قیادت کو یوم وطنی پر عرب ملکوں کے سربراہوں کی مبارکباد  

امیرکویت، امیر قطر، بحرین اور عمان کے فرمانروا نے تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ  محمد بن سلمان کو امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح، سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق، اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی، بحرینی فرمانروا شاہ حمد آل خلیفہ اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے 93 ویں یوم وطنی پر مبارک باد دی ہے۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ’بحرین اور سعوی عرب اور دونوں ملکوں کے عوام کے رشتے برادرانہ، تاریخی، مستحکم اور گہرے ہیں‘۔ 
شاہ بحرین کا کہنا تھا’ ان کا ملک مضبوط سٹراٹیجک شراکت کے ماحول میں سعودی عرب کے ساتھ  مشترکہ جدوجہد، کارآمد تعاون کا مسلسل فروغ چاہتا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے مفادات اور آرزوؤیں پوری ہوں اور دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے‘۔ 
شاہ بحرین نے سعودی قیادت میں مملکت کے  طریقہ کار اور خطے میں اقتصادی خوشحالی و ترقی کے حوالے سے رجحانات اور کوششوں کی ستائش کی۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی قیادت امن و استحکام، ترقی و خوشحالی اورآنے والی نسلوں کے لیے شاندار مستقبل کےلیے کام کررہی ہے‘۔ 
بحرین کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے یوم وطنی پر تہنیدی پیغام میں کہا کہ’ چاہتے ہیں مضبوط سٹراٹیجک شراکت کے ماحول میں مملکت کے ساتھ  مزید تعاون، مشترکہ جدوجہد اور مکمل یکجہتی مضبوط سے مضبوط تر ہو اور اس کا سلسلہ رواں دواں رہے‘۔ 
بحرینی ولی عہد نے خطے میں اقتصادی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے سعودی عرب کے مشن کی تعریف کی۔
 امیر کویت نے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ’سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ۔ کویت کے گہرے، تاریخی، برادرانہ اور مستحکم تعلقات ہیں‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے عہد میں سعودی عرب نے مختلف شعبوں میں جو ترقیاتی کارنامے انجام دیے انہیں اس پر فخر ہے۔ ان کی وجہ سے دنیا بھر میں سعودی عرب کی حیثیت بلند ہوئی ہے‘۔ 
عمان کے فرمانروا نے آرزو ظاہر کی کہ ’یوم وطنی شاہ سلمان بن عبدالعزیم کی زندگی میں بار بار آئے اور سعودی عوام ان کی قیادت میں مزید ترقی و خوشحالی کا سفر طے کرے‘۔ 
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو 93 ویں یوم وطنی کی مبارکباد دی۔
قطر کے نائب امیر شییخ عبداللہ  بن حمد آل ثانی اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے بھی تہنیتی پیغامات ارسال کیے۔ 
کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور کویتی وزیراعظم احمد نواف الاحمد الصباح نے اپنے پیغام میں’ ہر سطح پر سعودی عرب کی ترقیاتی و تمدنی کارکردگیوں کی تعریف کی‘۔

شیئر: