بین الاقوامی زیر سمندر کیبل میں خرابی، پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر
بین الاقوامی زیر سمندر کیبل میں خرابی، پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر
بدھ 18 نومبر 2026 19:49
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
مختلف علاقوں سے انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں ( فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو انٹرنیٹ فراہم کرنے والی ایک بین الاقوامی زیر سمندر کیبل میں خرابی پیدا ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس خرابی کے باعث ملک میں بعض صارفین کو انٹرنیٹ کے تعطل اور سروس کے معیار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کی شام پاکستان کے مختلف علاقوں سے انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے کی اطلاعات سامنے آنے لگی تھیں۔سوشل میڈیا پر صارفین نے شکایت کی کہ انہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس، واٹس ایپ اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس کے علاوہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے پیغام رسانی کی ایپلیکیشن ’واٹس ایپ‘ کی سروس میں بھی تعطل کی نشاندہی کی۔
اس صورتحال پر جب ’اردو نیوز‘ نے پی ٹی اے سے استفسار کیا تو اتھارٹی نے ملک میں انٹرنیٹ سروس میں خلل پیدا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم ’ایس ایم ڈبلیو وی فائیو‘ میں پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر کے فاصلے پر خرابی رپورٹ ہوئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس خرابی کی بنیادی وجہ جہاز اور سروس کی بحالی کے متوقع وقت کا تعین کرنے کے لیے ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس، متعلقہ عالمی کنسورشیم کے ساتھ رابطے میں ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین پر پڑنے والے اثرات کو کم سے کم رکھنے اور سروس کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے نے ملک میں انٹرنیٹ سروس میں خلل پیدا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا ہے ( فائل فوٹو)
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ملک بھر میں معمول کی انٹرنیٹ سروسز کی جلد سے جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لیے صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔
سب میرین کیبل کیا ہے اور اس میں خرابی کیسے پیدا ہوتی ہے؟
واضح رہے سب میرین کیبل دراصل سمندر کی تہہ میں بچھائی گئی فائبر آپٹک تاروں کا ایک وسیع عالمی جال ہے جو براعظموں اور ممالک کو آپس میں جوڑتا ہے۔
ماہرین کے مطابق دنیا بھر کا تقریباً 95 فیصد سے زائد انٹرنیٹ ڈیٹا، بین الاقوامی ٹیلی فون کالز اور مالیاتی لین دین انہی زیرِ سمندر کیبلز کے ذریعے منتقل ہوتا ہے، کیونکہ یہ سیٹلائٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیز رفتار اور کم لاگت ہوتی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے ’واٹس ایپ‘ کی سروس میں بھی تعطل کی نشاندہی کی۔( فوٹو: روئٹرز)
عالمی ٹیلی کام اداروں کے مطابق زیرِ سمندر کیبلز میں خرابی کی سب سے بڑی وجہ انسانی سرگرمیاں ہیں جن میں بحری جہازوں کے بھاری لنگر (اینکرز) گرانا اور ماہی گیری کے لیے سمندر کی تہہ میں جال گھسیٹنا شامل ہے، جس سے کیبل کٹ جاتی ہے یا اس پر شدید دباؤ پڑتا ہے۔ ساحل کے قریب کم گہرے پانیوں میں یہ خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے کیونکہ وہاں جہازوں کی آمد و رفت زیادہ ہوتی ہے۔
انسانی عوامل کے علاوہ قدرتی آفات اور تکنیکی وجوہ بھی ان کیبلز کو متاثر کر سکتی ہیں، جن میں زیرِ سمندر زلزلے، سمندری طوفان، زیرِ آب مٹی کے تودے گرنا یا وقت کے ساتھ کیبل کے پرزوں میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی شامل ہے۔
پاکستان کو دنیا سے جوڑنے والی زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبلز کتنی ہیں؟
پاکستان کو عالمی انٹرنیٹ نیٹ ورک سے منسلک رکھنے کے لیے اس وقت مجموعی طور پر سات فعال بین الاقوامی زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبل سسٹمز میسر ہیں جو کراچی اور گوادر کے ساحلوں پر لینڈ کرتے ہیں۔
ان اہم کیبلز میں ’سی می وی فور، ’سی می وی فائیو‘، ’آئی می وی‘، ’ٹی ڈبلیو ون‘ ، ’اے اے ای ون‘، ’پیس‘ اور دنیا کے سب سے بڑے کیبل منصوبوں میں شمار ہونے والی ’ٹو افریقہ‘ شامل ہیں، جو ملک کو مشرقِ وسطیٰ، یورپ، افریقہ اور ایشیا کے ڈیجیٹل نظام سے جوڑتی ہیں۔