فٹنس سینٹرز اور سپورٹس کلب میں 15 فیصد سعودائزیشن کے فیصلے کا نفاذ
وزارت کی تفتیشی ٹیمیں محتلف علاقوں میں دورے کررہی ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ افرادی قوت نے وزارتِ سپورٹس کے تعاون سے نجی شعبے کی زیر نگرانی سپورٹس کلبز اور فٹنس سینٹرز میں 15 فیصد سعودائزیشن کی مہلت ختم ہونے کے بعد عمل درآمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد سعودی شہریوں کے لیے روزگار کے معیاری مواقع فراہم کرنا اور لیبر مارکیٹ میں سپورٹس کے شعبے میں قومی ٹیلنٹ کی شرکت کو بڑھانا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودائزیشن کا اطلاق ان سپورٹس کلب اور فٹنس سینٹرز پر کیا گیا ہے جہاں ملازمین کی تعداد 4 یا اس سے زیادہ ہے۔
وزارت کے مطابق میل و فیمیل فٹنس سینٹرز اور کلبز کے 12 شعبوں میں 15 فیصد کی شرح سے سعودائزیشن کی گئی ہے۔ ان میں پروفیشنل ریکٹ کوچ، سپورٹس کوچ، فٹنس کوچ، پروفیشنل فٹبال کوچ، واٹر سپورٹس کوچ، پروفیشنل ایتھلیٹکس کوچ، سپورٹس سپروائزر، پروفیشنل آئس سپورٹس کوچ، پروفیشنل سیلف ڈیفنس کوچ اور بال سپورٹس کوچ شامل ہیں۔
وزارت افرادی قوت نے کہا سعودائزیشن کے لیے دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد بدھ 18 نومبر سے وزارت کی تفتیشی ٹیمیں محتلف علاقوں میں دورے کررہی ہیں تاکہ قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔
