Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سالانہ 30 لاکھ چینی سیاح سعودی عرب آئیں گے‘

چین نے سعودی عرب کو اہم ترین سیاحتی منزل کا درجہ دیا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
چین نے باضابطہ طور پر سعودی عرب کواہم ترین سیاحتی منزل کا درجہ دیا ہے۔ دونوں ملکوں نے معاہدے پر دستخط کردیے۔ 
 خبررساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق  معاہدے کے تحت چینی سیاحوں کے گروپ ٹوررز پرسعودی عرب آئیں گے۔ 
چین میں سعودی سفیر، سعودی ٹورازم اتھارٹی کے سی ای او اور چین کے نائب وزیر سیاحت کی موجود گی میں معاہدے پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان رابطے کو فروغ ملے گا اور سیاحت کے شعبے میں مواقع کھلیں گے۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ ’گزشتہ مہینوں کے دوران دونوں دوست ملک سیاحت کے فروغ کے لیے جو کوششیں کررہے تھے وہ معاہدے کی صورت میں سامنے آئی ہیں‘۔
انہوں نے کہا ’نیا معاہدہ یہ پیغام دے رہا ہے کہ سیاحت، کاروبار، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات مستحکم  ہیں۔ دونوں ملک ان شعبوں میں تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک لے جانے کی مل کر کوشش کررہے ہیں‘۔ 
احمد الخطیب نے کہا’ نیا معاہدہ سعودی عدرب میں چینی سیاحوں کی دلچسپی بڑھائے  گا۔ سالانہ 30 لاکھ  تک چینی سیاح سعودی عرب آئیں گے‘۔ 
چین کے نائب وزیر سیاحت و ثقافت کا کہنا تھا ’یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی عشروں سے جاری تعلقات کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں اہم اقدام  ہے‘۔
’معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان افہام و تفہیم، باہمی احترام اور ایک دوسرے کی قدرو منزلت بڑھے گی‘۔ 
سعودی سیاحتی محکمے کے چیئرمین فہد حمید الدین نے کہا کہ ’محکمہ سیاحت چین میں چار سیاحتی نمائشوں کا انعقاد کرے گا‘۔  
یاد رہے کہ چین ان 57 ملکوں میں سے ایک ہے جن کے شہری سعود ی ایئرپورٹ، بندرگاہ اور بری سرحدی چوکی پہنچنے پر سیاحتی ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ چینی سیاحوں کو 96 گھنٹے کا ٹرانزٹ ویزا بھی ترجیحی بنیاد پر جاری ہوگا۔ 

شیئر: