Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سی ٹی ڈی کی ’انتہائی مطلوب‘ دہشت گردوں کی فہرست میں شامل خاتون کون؟

دہشت گردوں کی فہرست میں شامل خاتون کا نام قراۃ العین ہے جو ڈی آئی خان کی رہائشی ہیں (فوٹو: سی ٹی ڈی)
خیبرپختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے 135 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری کردی ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
سی ڈی ڈی نے ان دہشت گردوں کے نام اور تصاویر جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان شدّت پسندوں کے سر کی قیمت تین لاکھ روپے سے لے کر ایک کروڑ روپے تک مقرر کی گئی ہے۔
دہشت گردوں کی فہرست میں شامل خاتون کا نام قراۃ العین بتایا گیا ہے جو ڈی آئی خان کی رہائشی ہیں اور ان کے سر کی قیمت تین لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق 37 سالہ قراۃ العین دہشت گردوں کی سہولت کاری اور شدّت پسندی کے مختلف سنگین واقعات میں مطلوب ہیں۔ یہی نہیں بلکہ ان کے شوہر اقبال عرف بالی کا نام بھی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں میں شامل تھا جو رواں سال مئی میں ڈی آئی خان میں پولیس مقابلے کےدوران ہلاک ہوئے۔
کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کو دو دہشت گرد عزیز الرحمان اور میاں سید سب سے زیادہ مطلوب ہیں جن کے سروں کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔

مطلوب افراد کی فہرست میں زیادہ تر دہشت گردوں کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے جبکہ پشاور، ملاکنڈ، نوشہرہ ، کرک اور افغانستان کے باشندے بھی مطلوب افراد میں شامل ہیں۔
محکمہ انسدادِ دہشت گردی نے مطلوب دہشت گردوں کے اشتہارات جاری کر کے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے تاہم دہشت گردوں کی اطلاع دینے والے افراد کا نام صیضہ راز میں رکھا جائے گا۔

شیئر: